1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستتھائی لینڈ

تھائی لینڈ: پیٹونگٹرن شیناواترا نئی وزیر اعظم منتخب

16 اگست 2024

سابق وزیر اعظم تھاکسن شیناواترا کی بیٹی پیٹونگٹرن تھائی لینڈ کی نئی وزیر اعظم منتخب ہوگئی ہیں۔ وہ ملک کی سب سے کم عمر اور دوسری خاتون وزیراعظم بن گئی ہیں۔

https://p.dw.com/p/4jXGz
پیٹونگٹرن شیناواترا
پیٹونگٹرن شیناواترا تھائی لینڈ کی نئی، سب سے کم عمر اور دوسری خاتون وزیراعظم بن گئی ہیںتصویر: Matt Hunt/NurPhoto/picture alliance

تھائی لینڈ کے اراکین پارلیمنٹ نے ملک کے نئے وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے آج جمعہ کو ووٹ ڈالے، جس میں حسب توقع پیٹونگٹرن فت‍ح یاب رہیں۔

پیٹونگٹرن اپنے والد سابق وزیر اعظم تھاکسن شیناواترا اور خالہ ینگ لک کے بعد شیناواترا خاندان کی تیسری فرد ہیں جو وزارت عظمی کے عہدے پر فائز ہوئی ہیں۔

تھائی لینڈ کی آئینی عدالت کی جانب سے وزیراعظم سریتھا تھاوسین کو ان کے عہدے سے برطرف کردیے جانے کی وجہ سے نئے وزیراعظم کا انتخاب ضروری ہو گیا تھا۔ سریتھا کو مجرمانہ سزا یافتہ ایک شخص کو کابینہ درجے کا وزیر مقرر کرنے کی وجہ سے اقتدار سے محروم ہونا پڑگیا۔

تھائی لینڈ کے وزیر اعظم عدالتی حکم پر عہدے سے برطرف

تھائی لینڈ کے سابق وزیر اعظم تھاکسن وطن پہنچتے ہی گرفتار

بدھ کے روز سریتھا کی برطرفی فوج، شاہی حامی اسٹیبلشمنٹ اور عوامی طور پر مقبول پارٹیوں جو پیٹونگٹرن کے والد سے وابستہ ہیں، کے درمیان طویل عرصے سے جاری لڑائی کا تازہ ترین نتیجہ تھا۔

تھائی لینڈ کی آئینی عدالت نے وزیراعظم سریتھا تھاوسین کو ان کے عہدے سے برطرف کردیا تھا
تھائی لینڈ کی آئینی عدالت نے وزیراعظم سریتھا تھاوسین کو ان کے عہدے سے برطرف کردیا تھاتصویر: Chaiwat Subprasom/ZUMAPRESS/picture alliance

اپنے خاندان کی تیسری وزیر اعظم

پیٹونگٹرن شیناواترا اپنے والد ارب پتی کاروباری تھاکسن شیناواترا اور خالہ ینگ لک شیناواترا کے بعد تھائی لینڈ کی وزارت عظمی کے عہدے پر فائز ہونے والی شیناواترا خاندان کی تیسری فرد ہیں۔ وہ ملک کی دوسری خاتون اور سب سے کم عمر وزیر اعظم بھی بن گئی ہیں۔

پھیئو تھائی پارٹی نے جمعرات کو پیٹونگٹرن کو اپنا امیدوار منتخب کیا۔ اس کی قیادت والے اتحاد میں شامل 10 دیگر جماعتوں میں سے کسی نے بھی متبادل امیدوار پیش نہیں کیا۔

پارلیمنٹ میں تیسری سب سے بڑی جماعت، بھومجائیتھائی نے کہا کہ اس نے جمعے کے روز ووٹنگ میں پھیئو تھائی کے "امیدوار کی حمایت کرنے پر اتفاق کیا ہے"۔

سابق تھائی وزیر اعظم کو پانچ برس قید

تھائی لینڈ میں فوجی بغاوت کے سربراہ کی کابینہ کا اعلان

پیٹونگٹرن کو جیت کے لئے 493 نشستوں والی پارلیمنٹ میں سے 247 ووٹوں کی ضرورت تھی۔ جو انہیں آسانی سے مل گئی۔

پیٹونگٹرن تھاکسن شیناواترا کی سب سے چھوٹی بیٹی ہیں
پیٹونگٹرن تھاکسن شیناواترا کی سب سے چھوٹی بیٹی ہیںتصویر: Sakchai Lalit/AP/picture alliance

پیٹونگٹرن کون ہیں؟

پیٹونگٹرن تھاکسن شیناواترا کی سب سے چھوٹی بیٹی ہیں۔ ان کی پرورش و پرداخت بنکاک میں ہوئی اور انہوں نے برطانیہ سے ہوٹل مینجمنٹ کا کورس کیا ہے۔ ان کے شادی ایک کمرشیئل پائلٹ سے ہوئی ہے اور ان کے دو بچے ہیں۔

پیٹونگٹرن تھائی لینڈ میں اپنے عرفی نام اُنگ اِنگ سے مشہور ہیں۔

سال 2022 کے اواخر میں سیاست میں داخل ہونے سے پہلے پیٹونگٹرن اپنے خاندانی بزنس کے ہوٹل کے شعبے کو دیکھ رہی تھیں۔ وہ  2023 کے عام انتخابات کے لیے انتخابی مہم میں مسلسل موجود رہتی تھیں۔

تھاکسن شیناواترا نے دو دہائیوں تک ملک کی سیاست پر زبردست اثرات مرتب کیے۔ انہوں نے 2000 کی دہائی کے اوائل میں تھائی سیاست کو عوامی پالیسیوں کے ساتھ تبدیل کیا، جس نے انہیں اور ان کی پارٹی کو دو انتخابات میں کامیابیوں سے ہمکنار کرایا۔

تھاکسن کو سن دوہزار چھ میں فوج نے معزول کردیا جس کے بعد انہوں نے از خود جلاوطنی اختیار کرلی۔ لیکن قومی امور پر مسلسل تبصرے کرتے رہے۔ گزشتہ سال وہ وطن واپس لوٹے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بڑا سوال یہ ہے کہ اگر پیٹونگٹرن وزیر اعظم کے عہدے پر فائز ہو جاتی ہیں تو ان کی حکومت اپنے والد سے کتنی متاثر ہو گی۔

ج ا ⁄ ص ز (روئٹرز، اے پی، اے ایف پی)