تمام افریقی شہریوں کے لیے گھانا اب ویزا فری
5 جنوری 2025صدر نانا آکوفو آڈو نے یہ اعلان اپنی صدارتی مدت کے آخری قومی خطاب کے دوران کیا۔ وہ چھ جنوری کو اپنی دوسری صدارتی مدت کی تکمیل پر اپنے عہدے سے سبک دوش ہو رہے ہیں۔
جمعے کے روز ملکی پارلیمان سے اپنے خطاب میں صدر آکوفو آڈو کا کہنا تھا، ''میں فخر محسوس کرتا ہوں کہ میں نے اس سال کے آغاز سے تمام افریقی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے گھانا میں ویزا فری سفر کی منظوری دے دی ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ''یہ براعظم افریقہ کو آزاد تجارتی خطہ بنانے کی جانب ایک منطقی قدم ہے اور اس سے دنیا کے بہت بڑے تجارتی بلاک کی طرف بہتری کی راہ نکلے گی۔‘‘
افریقی یونین کی پچاس سالہ ترقیاتی منصوبہ بندی کا حوالہ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا، ''یہ سب عناصر افریقی یونین کے ایجنڈا 2063 کو حقیقت میں بدلنے کے لیے ضروری ہیں، جو 2063 تک ایک مربوط افریقہ کے تصور کی تکیمل کا حصہ ہے۔‘‘
گھانا سے قبل روانڈا، گیمبیا اور بنین پہلے ہی اپنے ہاں تمام افریقی شہریوں کے لیے ویزا فری انٹری کا اعلان کر چکے ہیں۔
تازہ اعلان سے قبل گھانا نے 26 افریقی ممالک کے شہریوں کو ویزا فری داخلے کی سہولت دے رکھی تھی جبکہ 25 افریقی ممالک کے باشندوں کے لیے 'ویزا آن ارائیول‘ کی سہولت فراہم کی گئی تھی۔ صرف دو افریقی ممالک اریٹریا اور مراکش کے شہریوں کو گھانا میں داخلے سے قبل ویزے کی ضرورت تھی۔
اب تاہم تمام 53 افریقی ممالک کے شہریوں کے لیے گھانا میں ویزا فری داخلہ عملاﹰ ممکن ہو گیا ہے۔
ع ت / م م (اے ایف پی)