بیلجیم میں تقریباً پانچ ٹن کوکین پکڑی گئی
22 نومبر 2024بیلجیم میں حکام نے بین الاقوامی تحقیقات کے حصے کے طور پر جمعے کے روز کارروائی کرتے ہوئے اینٹویرپ بندرگاہ پر تقریباً پانچ ٹن کوکین ضبط کر لی۔ استغاثہ نے کہا کہ رواں ماہ کے شروع میں بیلجیم اور ہالینڈ میں تلاشی کے بعد آٹھ افراد کو حراست میں لیا گیا تھا۔
ان کارروائیوں کے نتیجے میں ایک لاکھ پچاسی ہزار یورو نقدی کے ساتھ ساتھ ہتھیار، زیورات، لگژری ہینڈ بیگز، گھڑیاں اور 4.78 ٹن کوکین ضبط کی گئی ہے۔
پراسیکیوٹر کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ یہ تفتیش جنوبی امریکہ، وسطی امریکہ اور کینیڈا سے بیلجیم کوکین اسمگل کرنے میں ملوث مجرمانہ تنظیم پر مرکوز تھی۔
میتھ کی اسمگلنگ اور کوکین کی تجارت عروج پر
اینٹویرپ کی بندرگاہ جنوبی امریکہ سے یورپی منڈی میں اسمگل کی جانے والی منشیات کے لیے ایک اہم گیٹ وے ہے جبکہ اس اہم یورپی بندرگاہ کے قریب قریب کوکین پکڑے جانے کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔
بیلجیم کے اس شہر کے راستے یورپ میں کوکین اسمگل کرنے کی کوشش کرنے والے اسمگلروں کا تعلق زیادہ تر لاطینی امریکی ممالک برازیل، کولمبیا اور ایکواڈور سے ہوتا ہے۔
گزشتہ برس تحقیقاتی اداروں کی طرف سے مجموعی طور پر اس بندرگاہی علاقے میں ریکارڈ 116 ٹن کوکین قبضے میں لی گئی تھی۔
حال ہی میں جرمنی میں بھی ایک ڈسکاؤنٹ سُپر مارکیٹ چین کے ملازمین کو کیلے کے کریٹوں میں سے تقریباً 95 کلو گرام (210 پاؤنڈ) کوکین ملی تھی۔ پولیس کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق ملنے والی اس کوکین کی مارکیٹ ویلیو تقریباً سات ملین یورو تھی۔
کوکین کے پیکٹ سب سے پہلے 10 ستمبر کو جرمن شہر میونش گلاڈباخ میں دو ڈسکاؤنٹ چین اسٹورز سے کارکنوں کو ملے تھے۔ بعدازاں اسی دن ایسے پیکٹ جرمنی کے شہروں ڈوئسبرگ، کریفیلڈ، فیئرزن، ہائنزبرگ اور نوئس کے اسٹوروں سے بھی ملے۔
پولیس کا خیال ہے کہ یہ کھیپ بھی جنوبی امریکہ سے چلی تھی اور جرمنی میں سپر مارکیٹ کے ڈسٹری بیوشن گودام سے پہلے بیلجیم کی بندرگاہ اینٹویرپ پہنچی تھی۔
بیلجیم نےحال ہی میں ملکی تاریخ میں منشیات کی سمگلنگ کے خلاف سب سے بڑے مقدمات میں سے ایک کا آغاز کیا تھا، جس میں 120 سے زیادہ ملزمان کو کٹہرے میں لایا گیا۔ یہ ملزمان یورپ کے بڑے حصے میں تفتیش کاروں کی ان کوششوں کے بعد پکڑے گئے تھے، جن میں حکام نے منشیات کی سمگلنگ میں ملوث گروہوں کی طرف سے استعمال کی جانے والی میسیجنگ ایپس کے خفیہ کوڈزکریک کیے تھے۔
ا ا / ش ر (ڈی پی اے، اے ایف پی)