1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت کے زیر انتظام متنازعہ علاقے میں آباد بروکپا کون ہیں؟

20 جولائی 2024

بروکپا باشندوں کا کہنا ہے وہ آریا ہیں جو دور دراز علاقوں سے آ کر ہمالیہ کے پہاڑوں میں آباد ہوئے تھے۔ اس علاقے میں آریا کی اصطلاح کا استعمال سیاحت کے فروغ اور بھارتی مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے بھی کیا جاتا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/4iPxr
بروکپا کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی خواتین
بروکپا کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی خواتینتصویر: Tauseef Mustafa/AFP

ہمالیہ کے برفانی پہاڑوں میں ایک طویل عرصے سے آباد بروکپا باشندے آج بھی ہزاروں سال قبل اپنی ہجرت کی داستانیں سناتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ دور دراز علاقوں سے آ کر ان پہاڑوں میں آباد ہوئے تھے اور وہ آریا ہیں۔ لیکن آج ان کی یہ شناخت بھارت کے زیر انتظام لداخ کے متنازعہ علاقے میں سیاست سے متاثر ہوتی بھی نظر آتی ہے۔

بروکپا کمیونٹی کی ثقافت

بروکپا کمیونٹی کی زبان کا کوئی اپنا رسم الخط نہیں ہے۔ بروکپا باشندوں میں کثرت ازدواج کا رواج ہے اور ان کا اپنا ایک کیلنڈر بھی ہے۔ اس کمیونٹی میں مقبول ترین لوک گیت "تاریخ کا گیت" کہلاتا ہے، جس میں ہر 12 سال بعد ایک نیا مصرعہ شامل کیا جاتا ہے۔ بروکپا کے کیلنڈر میں ان 12 سالوں کا عرصہ صرف ایک سال کے برابر شمار ہوتا ہے۔

اس کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے 85 سالہ سیرنگ گنگفیل کہتے ہیں کہ اس گیت میں بروکپا باشندوں کے قدیم روم سے ہمالیہ آنے کی داستان بیان کی گئی ہے۔ جب کہ اس کمیونٹی کے دیگر افراد اپنے آباؤ اجداد کا تعلق سکندر اعظم کی فوج سے ہونے کی داستانیں بھی سناتے ہیں۔

بروکپا کمیونٹی کی خواتین کاشتکاری کرتے ہوئے
بروکپا کمیونٹی کی خواتین کاشتکاری کرتے ہوئےتصویر: Tauseef Mustafa/AFP

 تاہم ایک اسٹڈی کے مطابق بروکپا کمیونٹی کی جڑیں جنوبی بھارت میں ہو سکتی ہیں۔

لیکن گنگفیل، جن کا کہنا ہے کہ انہیں بروکپا زبان میں ایک ہزار گیت یاد ہیں، یہ نہیں مانتے۔ 

انہوں نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا، " ہم اب بھی اپنی یہاں آمد کا جشن ہر تین سال میں ایک بار ہر گاؤں میں رقص کر کے اور گیت گا کے مناتے ہیں۔ ہم آریا ہیں۔"

آریا کون ہیں؟

ناقدین کے مطابق آج آریا کی اصطلاح کو سیاسی مقاصد کے لیے زیادہ اور قدیم زمانے کی افسانوی داستانوں کے حوالے سے کم استعمال کیا جاتا ہے۔

جنوبی ایشیا کی قدیم زبان سنسکرت میں آریا کے لغوی معنی "عظیم" یا "ممتاز" ہیں۔ کسی زمانے میں یہ لفظ یورپ سے ایشیا تک ایسے افراد کے لئے بھی استعمال کیا جاتا تھا جن کے آبا ؤ اجداد کا تعلق وسطی ایشیا سے تھا۔ اور اس اصطلاح کا یہ استعمال اس نازی نظریے کے بالکل برعکس تھا، جس کے تحت آریا باشندوں کو  سنہرے بالوں اور نیلی آنکھوں والی نسلی طور پر برتر 'ماسٹر ریس' تصور کیا جاتا ہے۔

بروکپا کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی خواتین
بروکپا کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی خواتینتصویر: Tauseef Mustafa/AFP

دوسری جانب کچھ دائیں بازو کے ہندوؤں کا دعویٰ ہے کہ آریا باشندوں کے آباؤ اجداد کا تعلق بھارت سے تھا۔ اس لحاظ سے وہ اس اصطلاح کو قومی اور مذہبی طور ہر ہندو شناخت سے جوڑتے ہیں۔

  کارگل کی جنگ اور ایک بروکپا چرواہا

بروکپا باشندوں کی آبادی والے علاقوں میں آریا کی اصطلاح کا استعمال سیاحت کے فروغ اور بھارتی مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے بھی کیا گیا ہے۔

لداخ، جہاں بروکپا آباد ہیں، کشمیر میں واقع  ہے، جس پر بھارت اور پاکستان کے درمیان تنازعہ ہے اور یہ ان دونوں ممالک میں بٹا ہوا ہے۔     

سن 1999 میں ایک بروکپا چرواہے تاشی نامگیال نے ہندوستان کے زیر انتظام علاقے میں پاکستانی فوجیوں کو دیکھنے پر وہاں ان کی موجودگی کی اطلاع بھارتی افواج کو دے دی تھی۔ یہیں سے پاکستان اور بھارت کے درمیان 10 ہفتوں پر مشتمل کارگل جنگ کی شروعات ہوئی، جس میں دونوں اطراف 1,000 افراد ہلاک ہوئے۔

کارگل وار کی کہانی، دراس کے مقامی باشندوں کی زبانی

آج 60 سالہ تاشی نامگیال فخریہ انداز میں یہ قصہ دوہراتے ہیں۔ انہوں نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کی نمائندوں کو اپنی تعریف میں لکھے گئے بھارتی فوج کی خطوط دکھاتے ہوئے کہا، "میں نے اپنی قوم کے وقار کی حفاظت کی۔" 

لڑائی ختم ہونے کے بعد بھارتی حکام نے اس علاقے میں سیاحت کو فروغ دینے کے ساتھ اس خطے کو "آریا کی وادی" کا نام دیا۔ آج بھارتی وزارت سیاحت اس علاقے کی "بھارت میں آریا کے آخری بچے ہوئے دیہاتوں" کے طور پر تشہیر کرتی ہے۔  

نیویارک کی سراکیوز یونیورسٹی سے وابستہ مونا بھان کہتی ہیں کہ یہ کمیونٹی اپنے سماجی و ثقافتی طریقوں اور تاریخ کو نمایاں کرنے کے لیے "آریا" کی اصطلاح کا استعمال کرتی ہے اور ہندو قوم پرست اس اصطلاح کو "بھارت کے متنازعہ علاقے پر اپنی ملکیت کا جواز پیش کرنے کے لیے" استعمال کرتے ہیں۔

     ح ف / م ا  (اے ایف پی)