1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت: پلانٹ میں آگ لگنے سے آئی فون کی پروڈکشن رک گئی

28 ستمبر 2024

ہندوستان کے جنوبی حصے میں ٹاٹا الیکٹرانکس کے ایپل آئی فون بنانے والے ایک بڑے پلانٹ میں آگ لگنے سے ہفتہ کے روز پیداوار روک دی گئی۔ روئٹرز نے یہ بات اس صورتحال سے آگاہی رکھنے والے دو افراد کے حوالے سے بتائی ہے۔

https://p.dw.com/p/4lBno
ایپل آئی فون 15 پرو
تصویر: Jakub Porzycki/NurPhoto/picture alliance

ٹاٹا الیکٹرانکس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ آگ لگنے کی وجوہات کی تحقیقات کر رہی ہے اور وہ اپنے ملازمین اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے مفادات کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرے گی۔

ٹاٹا الیکٹرانکس کے ترجمان کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق، ''تامل ناڈو کے شہر ہوسور میں ہمارے پلانٹ میں آگ لگنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔ پلانٹ میں ہمارے ہنگامی پروٹوکول نے اس بات کو یقینی بنایا کہ ہمارے تمام ملازمین محفوظ ہیں۔‘‘

بھارت میں آتشزدگی کے دو واقعات، ’لاشیں جل کر راکھ ہو گئیں‘

دہلی کی ایک تجارتی عمارت میں آگ لگنے سے متعدد افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے

واقعے کے بارے میں براہ راست آگاہی رکھنے والے ایک شخص نے اس آگ کو 'کیمیکل سے متعلق‘قرار دیتے ہوئے بتایا کہ فیکٹری کے ایک حصے میں آگ لگنے کی وجہ سے پیداوار روک دی گئی اور ملازمین کو دن بھر کے لیے گھر بھیج دیا گیا۔

فائر سروس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجہ سے پلانٹ کی ایک عمارت منہدم ہوگئی تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

ایپل آئی فون 16
علاقے کے سینئر انڈسٹریل سیفٹی افسر جے سروانن نے کہا کہ حکام آگ لگنے کی وجوہات کی تحقیقات کر رہے ہیں۔تصویر: Manuel Orbegozo/REUTERS

اس عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ آگ پر قابو پانے میں وقت لگے گا، جو کیمیکل ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال ہونے والے حصے میں صبح شروع ہوئی تھی۔

اس علاقے کے سینئر انڈسٹریل سیفٹی افسر جے سروانن نے کہا کہ حکام آگ لگنے کی وجوہات کی تحقیقات کر رہے ہیں: '' ہم اب اندر نہیں جا سکتے کیوں کہ داخلی راستہ آگ سے تباہ ہو چکا ہے۔‘‘

بھارتی اخبار دی ہندو کی رپورٹ کے مطابق 10 سے زائد فائر اینڈ ریسکیو گاڑیاں موقع پر صورتحال پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہیں۔


ا ب ا/ع ت (روئٹرز، دی ہندو)