بھارت: پروازوں میں بم رکھنے کی جھوٹی دھمکیوں کا سلسلہ جاری
17 اکتوبر 2024بھارتی فضائی خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کے ذریعہ چلائی جانے والی پروازوں کو اس ہفتے ایک درجن سے زیادہ بم کی جھوٹی دھمکیاں موصول ہو چکی ہیں۔ انڈین ایئر لائنز نے جمعرات کو کہا کہ فرینکفرٹ سے آنے والے اس کے طیارے کو بم رکھے جانے کی دھمکی ملی لیکن طیارہ ممبئی میں بحفاظت لینڈ کرگیا۔
حکومت اور شہری ہوابازی کے حکام نے خبردار کیا ہے کہ شرپسندوں کے خلاف "انتہائی سخت کارروائی" کی جائے گی۔
بھارتی مسافر طیارہ بھینس سے ٹکرا گیا
بھارت کی وستارا ایئر لائن نے جمعرات کو کہا کہ فرینکفرٹ سے ممبئی جانے والے اس کے مسافر طیارے کو ایک دن پہلے سوشل میڈیا پر "سیکیورٹی خطرہ" موصول ہوا تھا، لیکن وہ اپنی طے شدہ منزل پر بحفاظت اتر گیا۔
وستارا نے ایک بیان میں کہا، "ہم سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ مکمل تعاون کر رہے ہیں تاکہ لازمی سیکورٹی چیک مکمل ہو سکیں"۔
اطلاعات کے مطابق پیر سے اب تک 12 ملکی اور بین الاقوامی پروازوں کو بم کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں، جن میں سوشل میڈیا پر پوسٹ کیے گئے کچھ پیغامات بھی شامل ہیں۔
تاہم یہ تمام دھمکیاں جھوٹی ثابت ہوئیں۔
ایک نابالغ گرفتار
بھارت کے سول ایوی ایشن کے وزیر رام موہن نائیڈو نے کہا کہ پولیس نے تین پروازوں کے خلاف "بم کی دھمکیاں دینے کے لیے ایک نابالغ ذمہ دار" کو گرفتار کیا ہے۔
بھارت میں فضائی سفر کی صنعت مشکلات کا شکار
نائیڈو نے مزید کہا کہ "گڑبڑی پھیلانے کے ذمہ دار تمام دیگر افراد کی نشاندہی کی جائے گی اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔"
متاثر ہونے والی پروازوں میں نئی دہلی سے شکاگو جانے والا ایئر انڈیا کا طیارہ بھی شامل ہے، جسے منگل کو کینیڈا میں ہنگامی لینڈنگ کرنے پر مجبور کیا گیا۔
بدھ کے روز بھی نجی ایئر لائنس آکاسا ایئر، جو دارالحکومت نئی دہلی سے جنوبی شہر بنگلورو جارہی تھی، کو بھی اسی طرح کا "سکیورٹی الرٹ موصول ہوا" اور پرواز کو "احتیاط" کے طور پر واپس جانے کا حکم دیا گیا۔
آکاسا ایئر نے کہا کہ کپتان نے "دہلی میں محفوظ لینڈنگ کے لیے تمام ضروری ہنگامی طریقہ کار پر عمل کیا"۔
ایئر لائن نے بتایا کہ اس پرواز میں 184 افراد سوار تھے جن میں تین شیر خوار بچے بھی شامل تھے۔
ایک اور پرواز، انڈیگو، جو ممبئی سے نئی دہلی کے پرواز پر تھی، کو گجرات کے احمد آباد کی طرف موڑ دیا گیا۔
شرپسندوں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان
بیورو آف سول ایوی ایشن سکیورٹی کے ڈائریکٹر جنرل ذوالفقار حسن نے بتایا کہ "بھارت کے آسمان بالکل محفوظ ہیں" اور کہا کہ پولیس مجرموں کی شناخت کے لیے کام کر رہی ہے۔
حسن نے بتایا، "ہمیں یقین ہے کہ ان تمام دھمکی آمیز پیغامات کے پیچھے لوگوں کا سراغ لگایا جائے گا اور قانون کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔"
کیا بھارت زائرین کے لیے پی آئی اے کی پرواز کی اجازت دے گا؟
بھارتی میڈیا کے مطابق اسی ہفتے بھارت کی کم لاگت والی فضائی کمپنی انڈیگو کے دو پروازوں کو دھمکی آمیز پیغامات ملے تھے۔ یہ پروازیں سعودی عرب کے جدہ اور عمان کے مسقط کے لیے اڑان بھرنے والی تھیں۔
منگل کو سنگاپور نے ایئر انڈیا ایکسپریس کے طیارے کو بچانے کے لیے اپنے لڑاکا طیاروں کو بھیجا۔ بھارتی طیارے کو ایک ای میل کے ذریعہ جہاز میں ممکنہ بم کے بارے میں انتباہ دیا گیا تھا۔
ج ا ⁄ ص ز (اے ایف پی، روئٹرز)