بھارتی ونگ کمانڈر ابھی نندن بھارت کے حوالے کر دیا گیا | حالات حاضرہ | DW | 01.03.2019
  1. Inhalt
  2. Navigation
  3. Weitere Inhalte
  4. Metanavigation
  5. Suche
  6. Choose from 30 Languages
اشتہار

حالات حاضرہ

بھارتی ونگ کمانڈر ابھی نندن بھارت کے حوالے کر دیا گیا

پاکستانی علاقے بالاکوٹ پر مبینہ فضائی حملہ کے تناظر میں پاکستانی فضائیہ کی جانب سے جوابی کارروائی کے دوران فضائی معرکے کے بعد گرفتار ہونے والے بھارتی ونگ کمانڈر کو واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

آج یکم مارچ جمعے کی شب واہگہ بارڈر پر پاکستانی حکام کی جانب سے بھارتی پائلٹ ابھی نندن ورتھمان کو رہا کر کے بھارتی حکام کے حوالے کر دیا گیا۔ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو پاکستانی علاقے بالاکوٹ پر بھارت کے مبینہ حملے کے بعد کی گئی پاکستانی کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔

گزشتہ روز پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گرفتار بھارتی پائلٹ کو امن کی خاطر رہا کر نے کا اعلان کیا تھا۔ اسلام آباد حکومت نے بھارتی پائلٹ کو ’خیر سگالی‘ کی بنیاد پر رہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دوسری جانب بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر ایک بیان میں بھارتی پائلٹ ابھی نندن ورتھمان کو وطن واپسی پر خوش آمدید کہا۔ 

خبر رساں ادارے اے ایف بی کے مطابق واہگہ بارڈر کے بھارتی حصے میں پائلٹ ابھی نندن کا خیرمقدم کرنے کے لیے جذبہ حب الوطنی سے سرشار بھارتی شہریوں کی ایک بڑی تعداد صبح سویرے سے موجود رہی۔ تاہم ابھی نندن کی رہائی میں تاخیر کی وجہ سے بھارتی شہریوں کی تعداد میں کمی ہوتی رہی۔ دونوں ممالک کے حکام کی جانب سے ابھی نندن کی رہائی میں تاخیر کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

190227 Infografk Kashmir Conflict EN

قبل ازیں  چھبیس فروری کی صبح بھارت کے جنگی طیاروں نے پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہو کر پاکستان کے علاقے جبہ میں بارودی مواد گرایا تھا۔ پاکستان کے مطابق اس کے طیاروں نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی جنگی طیاروں کو ملکی حدود سے باہر جانے پر مجبور کر دیا تھا۔ دوسری جانب بھارت نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ اس کے جنگی طیاروں نے پاکستان میں دہشت گرد تنظیم جیش محمد کے ٹھکانوں پر حملہ کرتے ہوئے اس تنظیم کے سینکڑوں ارکان کو ہلاک کر دیا تھا۔ بعد ازاں پاکستان نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے بھارت کے دو جنگی طیاروں کو مار گرایا ہے اور ایک بھارتی پائلٹ کو  گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ویڈیو دیکھیے 04:15

بھارت کے ساتھ کشیدگی کی وجہ بھارتی جارحیت ہے، جوہر سلیم

DW.COM

ملتے جلتے مندرجات