بالی وڈ فلم ’رئیس‘ کا ٹریلر جاری: ماہرہ خان بھی شامل | فن و ثقافت | DW | 07.12.2016
  1. Inhalt
  2. Navigation
  3. Weitere Inhalte
  4. Metanavigation
  5. Suche
  6. Choose from 30 Languages

فن و ثقافت

بالی وڈ فلم ’رئیس‘ کا ٹریلر جاری: ماہرہ خان بھی شامل

بالی وڈ فلم ’رئیس‘ کے پہلے ٹریلر کی ریلیز کے ساتھ ہی اُن افواہوں نے دم توڑ دیا ہے جن کے مطابق فلم سے پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان پر فلمائے گئے مناظر کو کاٹ دیا گیا تھا۔

Screenshot Facebook Mahira Khan (Facebook/Mahira.Khan)

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر کے صارفین کی رائے میں ’رئیس‘ ہر طرح سے کامیاب اور ’پیسہ وصول‘ فلم ثابت ہو گی

 معروف بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان کی فلم رئیس کے پہلے ٹریلر کی ریلیز کے بعد پاکستانی ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا پر اِس حوالے سے تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔ یاد رہے کہ ستمبر کی اٹھارہ تاریخ کو بھارت کی اُڑی فوجی چھاؤنی پر مشتبہ عسکریت پسندوں کے حملے کے ردّ عمل کے طور پر ایک انتہا پسند سیاسی جماعت مہاراشٹر نو نرمان سینا’ ایم این ایس‘ نے پاکستانی فنکاروں کو اڑتالیس گھنٹے کے اندر بھارت چھوڑنے کا الٹی میٹم دیا تھا۔

 ایم این ایس نے ایک پریس کانفرنس کے دوران یہ بھی کہا تھا کہ وہ ممتاز فلم ہدایتکار کرن جوہر کی فلم ’اے دل ہے مشکل ‘ اور ایک دوسری فلم ’رئیس‘ کو بھی ریلیز نہیں ہونے دیں گے کیوں کہ ان فلموں میں پاکستانی اداکار فواد خان اور اداکارہ ماہرہ خان کو کاسٹ کیا گیا ہے۔

 اِس کے بعد ایسی خبریں بھی گردش کرتی رہیں کہ فلم رئیس میں ماہرہ خان پر فلمائے گئے مناظر کو کاٹ دیا جائے گا۔ تاہم فلم کا ٹریلر ریلیز ہونے کے بعد یہ افوہیں دم توڑ گئی ہیں۔

 اِس حوالے سے پاکستان کا روزنامہ ڈان لکھتا ہے، ’’یہ کہنا کچھ غلط نہیں ہوگا کہ ماہرہ خان اپنی ڈیبیو بالی وڈ فلم میں نہایت خوبصورت نظر آرہی ہیں، ساتھ ہی شاہ رخ خان کے ساتھ ان کی کیمسٹری بھی کافی دلچسپ نظر آئی۔‘‘

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر کے صارفین کی رائے میں ’رئیس‘ ہر طرح سے کامیاب اور ’پیسہ وصول‘ فلم ثابت ہو گی۔ 

DW.COM