1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایران کے خلاف عالمی اتحاد کے لیے کوشاں ہیں، پومپیو

24 جون 2019

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اچانک خلیجی علاقے کے دو ممالک کے ایک دورے پر روانہ ہو گئے ہیں۔ وہ یہ دورہ ایران کے ساتھ پیدا کشیدگی کے تناظر میں کر رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/3KzO0
Mike Pompeo in Saudi Arabien
تصویر: Getty Images/J. Martin

امریکا کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ وہ مشرق وسطیٰ کے اپنے دورے کے دوران ایران کے خلاف عالمی اتحاد قائم کرنے کی کوششیں کریں گے۔ پومپیو اس دورے میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات جائیں گے۔ سعودی عرب روانگی سے قبل امریکی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ وہ مختلف ممالک سے رابطے رکھے ہوئے ہیں تا کہ اسٹریٹیجیک بنیاد پر ايران کے خلاف ایک عالمی اتحاد کا قیام ممکن ہو سکے۔

پومپیو کے مطابق سعودی عرب اور مشرق وسطیٰ کے دورے کے مقاصد میں اُن کوششوں کو تقویت دینی ہے تا کہ ایران مختلف ملکوں میں دہشت گردی کی حمایت کو ختم کر دے، جوہری ہتھیار سازی کے اپنے ممکنہ منصوبے سے کنارہ کش ہو جائے اور بیلسٹک میزائل سازی سے بھی اجتناب کا فیصلہ کرے۔ امریکی وزیر خارجہ نے اپنے صدر کے ایران کے ساتھ مذاکرات کرنے کی خواہش کو بھی دہرایا۔

USA Außenminister Pompeo reist nach Saudi-Arabien
امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیوتصویر: picture-alliance/dpa/J. Martin

اس کا قوی امکان ہے کہ سعودی عرب میں قیام کے دوران اعلیٰ سطحی ملاقاتوں میں شرکت کے ساتھ ساتھ وہ اپنے سعودی ہم منصب ابراہیم بن عبدالعزیز سے بھی ملاقات کریں گے۔ وہ اس دورے کے دوران سعودی ولی عہد پرنس محمد بن سلمان سے بھی ملاقات کا ارادہ رکھتے ہیں۔

امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی اور تناؤ میں اُس وقت سے اضافہ ہو رہا ہے، جب امریکی صدر نے ایرانی جوہری ڈیل سے علیحدگی اختیار کی تھی۔ امریکا اس مناسبت سے ایران کے ساتھ نئے مذاکرات شروع کرنا چاہتا ہے۔ اس مقصد کے لیے وہ سن 2015 میں طے پانے والی ڈیل سے علیحدگی کے بعد سے ایران پر اقتصادی پابندیوں کے نفاذ کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ رواں ہفتے کے دوران امریکا کی جانب سے ایران پر نئی پابندیاں عائد کرنے کا بھی اعلان کیا جا چکا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ اسی دورے کے دوران منگل کو بھارت بھی جائیں گے۔ ان دوروں کے بعد وہ جی ٹوئنٹی سمٹ میں اپنے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے وفد میں شامل ہو جائیں گے۔ امریکی صدر ٹرمپ جاپان کے علاوہ جنوبی کوریا کا بھی دورہ کریں گے۔

لوئیسا رائٹ (عابد حسین)