اسرائیل، حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی جلد متوقع: لبنانی ذرائع
26 نومبر 2024خبر رساں ایجنسی روئٹرز کو چار سینیئر لبنانی ذرائع نے بتایا کہ امریکی صدر جو بائیڈن اور فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں لبنان میں اسرائیل اور مسلح گروپ حزب اللہ کے درمیان بہت جلد جنگ بندی کا اعلان کریں گے۔
ادھر واشنگٹن میں، وائٹ ہاؤس کی قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی نے کہا، "ہم بہت قریب ہیں" لیکن یہ سمجھنا چاہیے کہ "جب تک سب کچھ نہیں ہو جاتا تب تک کچھ نہیں ہوا ہے۔"
فرانسیسی ایوان صدر نے کہا کہ جنگ بندی پر بات چیت میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
حزب اللہ کے اسرائیل پر میزائل حملے، امارات میں ربی کا قتل
ادھر یروشلم میں، ایک سینئر اسرائیلی عہدیدار نے بتایا کہ حزب اللہ کے ساتھ جنگ بندی معاہدہ کی منظوری کے لیے اسرائیل کی کابینہ منگل کو میٹنگ کرے گی۔
اس سفارتی پیش رفت کے ساتھ ساتھ بیروت کے حزب اللہ کے زیر کنٹرول جنوبی علاقے پر اسرائیل کے فضائی حملے بھی جاری ہیں، جس کا سلسلہ ایک سال قبل عسکریت پسند تنظیم کے اسرائیلی علاقوں پر حملے کے بعد ستمبر میں شروع ہوا تھا۔
معاہدے کے متن کی منظوری کے لیے اسرائیلی پارلیمان کا اجلاس
اسرائیلی وزیر اعظم بنجیمن نیتن یاہو کے دفتر نے ان رپورٹوں پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا کہ اسرائیل اور لبنان نے جنگ بندی معاہدے کے مسودے پر اتفاق کر لیا ہے۔ لیکن سینیئر اسرائیلی اہلکار نے روئٹرز کو بتایا کہ منگل کو کابینہ کے اجلاس کا مقصد متن کو منظوری دینا ہے۔
لبنان میں جنگ کا خاتمہ ’اب ہماری پہنچ میں ہے،‘ امریکی ایلچی
اقوام متحدہ میں اسرائیل کے سفیر ڈینی ڈینن نے کہا کہ کسی بھی معاہدے کے تحت اسرائیل جنوبی لبنان پر حملہ کرنے کی صلاحیت برقرار رکھے گا۔ لبنان اس سے قبل بھی اسرائیل کو ایسا حق دینے والے کسی بھی معاہدے کے الفاظ پر اعتراض کرتا رہا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ دونوں فریقین کے درمیان اختلافات میں کافی حد تک کمی آئی ہے لیکن معاہدے تک پہنچنے کے لیے انہیں ابھی بھی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا، "اکثر اوقات کسی معاہدے کے آخری مراحل سب سے مشکل ہوتے ہیں کیونکہ مشکل ترین مسائل آخر تک رہ جاتے ہیں لیکن ہم جتنا ہو سکے زور دے رہے ہیں۔"
مجوزہ معاہدے میں کیا ہے؟
بیروت میں، لبنان کی پارلیمان کے نائب اسپیکر الیاس بو صاحب، نے روئٹرز کو بتایا کہ "اسرائیل کے ساتھ امریکی تجویز کردہ جنگ بندی پر عمل درآمد شروع کرنے کی راہ میں کوئی سنگین رکاوٹ باقی نہیں ہے۔ الا یہ کہ نیتن یاہو اپنا ارادہ بدل دیں۔"
انہوں نے کہا کہ اس تجویز میں ساٹھ دنوں کے اندر جنوبی لبنان سے اسرائیلی فوج کے انخلاء اور لبنانی فوج کے باقاعدہ دستے کی سرحدی علاقے، جو حزب اللہ کا گڑھ رہا ہے، میں تعیناتی کو شامل کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سب سے پیچیدہ نکتہ، کہ اس معاہدے پر عمل درآمد کی نگرانی کون کرے گا، کو پچھلے چوبیس گھنٹے کے اندر حل کرلیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے لیے امریکہ کی قیادت میں فرانس سمیت پانچ ملکی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔
دریں اثنا بیروت پر اسرائیل کے فضائی حملوں اور اسرایئل پر حزب اللہ کے راکٹ حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔
ج ا ⁄ ص ز ( روئٹرز، اے پی)