1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی ممالک میں فضائی حدود پھر متاثر

9 مئی 2010

آئس لینڈ میں ہوئی آتش فشانی کے باعث فضا میں ملنے والے نئے دھوئیں کی وجہ سے یورپی ممالک میں پروازیں ایک بار پھر سے متاثر ہونا شروع ہو گئی ہیں۔ صرف اسپین میں ہی دھوئیں کے انہی بادلوں کی وجہ سے انیس ائیر پورٹ بند کر دئے گئے

https://p.dw.com/p/NJXc
تصویر: picture alliance / dpa

اسپین میں بند کئے گئے ہوائی اڈوں میں بارسلونا ائیر پورٹ بھی شامل ہے جو ملک کا دوسرا سب سے زیادہ مصروف ترین ہوائی اڈہ ہے۔ اسپین ایوی ایشن حکام نے بتایا ہے کہ موجودہ صورتحال کی وجہ سے مجموعی طور پر کوئی چار سوسے زائد پروازیں اڑان نہیں بھریں گی جس کے نتیجے میں تقریباً چالیس ہزار مسافر متاثر ہوں گے۔

حکام نے بتایا ہے کہ متوقع طور پر اتوار کی رات بارہ بجے تک پروازوں کا سلسلہ دوبارہ بحال کیا جا سکتا ہے۔ دیگر متاثرہ یورپی ہوائی اڈوں فرانس اور پرتگال کے ائیر پورٹس بھی شامل ہیں۔

حکام نے بتایا ہے کہ دھوئیں کے بادلوں کی وجہ سے بالخصوص اسپین کی فضائی حدود آئندہ ہفتے بھی متاثر ہو سکتی ہے۔

Chaos auf Frankfurter Flughafen nach Vulkanausbruch in Island Flash-Galerie
اس آتش فشانی کی وجہ سے ہزاروں مسافر متاثر ہو رہے ہیںتصویر: AP

ہسپانوی ٹرانسپورٹ منسٹر یوزے بلانکو نے ایک پریس کانفرنس کے دروان بتایا: ’’ ہم اس بات کو نظر انداز نہیں کر سکتے اور ہم نے متبادل منصوبہ بندی کر لی ہے۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ پروازوں کےمتاثر ہونے کی صورت میں اضافی ٹرینوں، بسوں، کشتیوں اور دیگر متبادل راستوں کو تیار کر لیا گیا ہے تاکہ مسافر اپنی منزل مقصود تک پہنچ سکیں۔

ان متاثر ہونے والی پروازوں میں زیادہ تر یورپ سے شمالی امریکہ سے آنے یا جانے والی پروازیں شامل ہیں۔ تاہم ان پروزاں کے روٹس میں تبدیلی لائی جا رہی ہے تاکہ مسافروں کو زیادہ پریشانی پیش نہ آئے۔ ہفتے کے دن لندن سے اسپین جانے والی کچھ پروازیں بھی منسوخ کرنا پڑیں تھیں۔

گزشتہ ماہ آئس لینڈ میں Eyjafjallajokull نامی آتش فشاں پھٹنے کے نتیجے میں دھوئیں اور گیسوں کی وجہ سے یورپی فضائی حدود شدید متاثر ہو گئی تھیں۔ اس کے باعث سینکڑوں پروزایں منسوخ کرنا پڑی تھیں اور ہزاروں مسافر شدید متاثر ہوئے تھے۔

Island Vulkan Asche
تصویر: AP

آتش فشاں کی نئی سیٹیلائیٹ تصویروں کے مطابق آتش فشانی کے عمل میں تیزی آ رہی ہے۔ دریں اثناء برسلز میں قائم یورپی فضائی حدود کے رابطہ ادارے یورو کنٹرول نے خبردار کیا ہے کہ آتش فشانی کا عمل جاری ہے جس کے نتیجے میں راکھ کے بادل فضا میں شامل ہو رہے ہیں۔

دوسری عالمی جنگ کے بعد سے پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ یورپی فضائی حدود اس طرح متاثر ہوئی ہو۔ ایک اندازے کے مطابق ابھی تک اس آتش فشانی کی وجہ سے کوئی ایک لاکھ پروازیں منسوخ کرنا پڑی ہیں اور آٹھ بلین مسافر متاثر ہوئے ہیں۔یورپی ہوائی کمپنیوں کے مطابق اس دوران انہیں دو اعشاریہ پانچ بلین یورو کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

رپورٹ:عاطف بلوچ

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں