1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورو وژن: جرمن گلوکارہ کامیاب

30 مئی 2010

دنیا میں گانوں کے سب سے بڑے مقابلے یورو وژن میں لینا میئر دوسری جرمن گلوکارہ ہیں، جو پہلی پوزیشن جیتنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔ یہ مقابلہ ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں اتتوار کی شب منعقد کیا گیا تھا۔

https://p.dw.com/p/NdHi
جرمن گلو کارہ: لینا میئرتصویر: AP

گزشتہ شب یورپ میں گانوں کے سالانہ مقابلے یورو وژن کا فائنل منقعد ہوا۔ یہ دنیا کا سب سے بڑا مقابلہ تصور کیا جاتا ہے۔سال روا ں کے یورو ویژن کو جرمن گلوکارہ لینا مائیا نے جیت لیا ہے۔ سن 1982ء کے بعد یہ پہلا موقع ہےکہ گیتوں کے اس مقابلوں میں کسی جرمن فنکارکو کامیابی ملی ہے۔ لینا کامیابی کے بعد واپس اپنے شہر ہننوور پہنچ گئی ہیں۔

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے لینا کو اوسلو میں کامیابی پر مبارک باد پیش کی ہے۔ اپنی کامیابی کے بعد جرمن گلوکارہ لینا کچھ کہنے کی کوشش تو کر رہی تھیں لیکن جذبات اور خوشی ان کو ایسا نہیں کرنے دے رہے تھے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ انہیں اس کامیابی کے بعد کیسا لگ رہا تو ہے؟ تو کافی دیر تک تو وہ الفاظ کو جملے میں سمیٹ ہی نہیں پا رہی تھیں۔ آخر کار کہنے لگیں کہ وہ یہ لمحہ کبھی نہیں بھول سکیں گی۔ اتنے سارے لوگوں کے سا منےگانا۔ یہ ان کی اب تک کی سب سے اچھی پرفارمنس تھی۔

Eurovision Song Contest 2010 ESC2010 Finale Oslo Deutschland Lena Meyer-Landrut
جرمن گلو کارہ لینا میئر یورو وژن مقابلے میں اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئےتصویر: AP

اپنےگیت ’سیٹیلائٹ‘ کے ساتھ لینا نےپورے پورپ کو ہلا کر رکھ دیا۔ گزشتہ شب ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں ہونے والے اس فائنل کو یورپ کے 39 ممالک میں تقریبا 120 ملین افراد نے دیکھا۔ گزشتہ شب ہونے والے اس شوکی خاص بات یہ بھی تھی کہ اس میں یورو ڈانس کا ایک سیگمنٹ رکھا گیا تھا، جس میں یورپ کے انتالیس ممالک نےایک ساتھ ایک ہی میوزک پر ڈانس پرفارمنس کیا۔ یعنی ڈانس اوسلو سے شروع ہوا اورپھر اس نے کیمرے کے ساتھ مختلف ممالک کا سفر شروع کیا۔ جہاں جہاں یہ کیمرہ جاتا وہاں پر موجود شائقین رقص کرنا شروع کر دیتے۔

یورو وژن میں ہر ملک اپنے علاوہ دوسرے ممالک کو ایک سے بارہ تک پوائنٹس دیتا ہے۔ نو ممالک کی جانب سے لینا کے گیت کو سب سے زیادہ بارہ پوائنٹس دیئے گئے۔ سیٹیلائٹ کو کل 246 ملے اس کے بعد ترکی 170کے ساتھ دوسرے اور رومانیہ 162 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ 55 ویں یورو وژن سانگ کونٹیسٹ میں25 ممالک کے گلوکار شریک تھے۔ لینا کی پرفارمنس کے بارے میں ماہرین کا کہنا تھا کہ لینا نے اسٹیج پر کوئی خاص شو تو پیش نہیں کیا لیکن اسٹیج کو لوٹ لیا۔

Eurovision Song Contest 2010 ESC2010 Finale Oslo Ukraine Alyosha
یورو وژن میں یوکرائن کی گلوکارہ: اولائشےتصویر: picture-alliance/dpa

لینا کی اس کامیابی میں سب سے بڑا ہاتھ میوزک پروڈیوسر اسٹیفن راب کا بھی ہے۔ یہ چوتھی مرتبہ تھا کہ اسٹیفن راب نے بطور موسیقار یورو وژن میں جرمنی کی نمائندگی کی ہے اور لینا ان کے لئے کامیاب ترین ثابت ہوئیں۔

یورو وژن کی پچپن سالہ تاریخ میں1982ء میں نیکول کے گیت Ein Bisschen Freiden یا ’ایک ذرا امن‘کے بعد یہ دوسرا موقع ہے کہ ان مقابلوں میں کوئی جرمن فنکار کامیاب ہوا ہے۔ جرمنی کے مختلف شہروں میں لوگوں نے بڑی بڑی اسکرینزپر یہ مقابلہ براہ راست دیکھا۔ دارالحکومت برلن میں آتش بازی کی گئی تو ہیمبرگ میں ستر ہزار افراد نے اس جیت کا جشن منایا۔ لینا کے شہر ہننوور کے میئر نے اعلان کیا ہے کہ لینا کا نام شہر کی گولڈن بک میں شامل کیا جائے گا۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت: عابد حسین