1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتبھارت

ہیلی کاپٹر تیار کرنے والی سب سے بڑی بھارتی فیکٹری کا افتتاح

7 فروری 2023

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک میں ہیلی کاپٹر تیار کرنے والی سب سے بڑی فیکٹری کا افتتاح کر دیا ہے۔ بھارتی ریاست کرناٹک میں لگائی گئی اس فیکٹری میں دو عشروں میں ایک ہزار سے زائد ہیلی کاپٹر تیار کیے جا سکیں گے۔

https://p.dw.com/p/4NCMi
بھارت میں اندرون ملک تیار کردہ ایک ہلکا جنگی ہیلی کاپٹرتصویر: Sunil Verma/AFP/Getty Images

ملکی دارالحکومت نئی دہلی سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق نیوز ایجنسی پی ٹی آئی نے بھارتی وزارت دفاع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے جنوب مغربی ریاست کرناٹک میں لگائی گئی اس فیکٹری کا افتتاح پیر چھ فروری کوکیا۔

مودی حکومت چین کے مسئلے پر بحث سے خوف زدہ کیوں ہے؟

بتایا گیا ہے کہ اس فیکٹری میں دو دہائیوں میں ایک ہزار سے زائد ہیلی کاپٹر تیار کیے جا سکیں گے، جن کی مالیت اربوں ڈالر کے برابر ہو گی۔ کرناٹک میں توماکورو کے مقام پر لگایا گیا یہ مینوفیکچرنگ پلانٹ ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ کی ملکیت ہے۔

اس فیکٹری کا افتتاح کرتے ہوئے بھارت کے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ گزشتہ نو برسوں کے دوران بھارت میں ایرواسپیس سیکٹر میں کی جانے والی سرمایہ کاری کی مالیت 2014ء سے پہلے کے 15 برسوں میں کی گئی سرمایہ کاری کا چار سے پانچ گنا بنتی ہے۔

کیا خود انحصاری کی کوشش نے بھارتی دفاع کو خطرے میں ڈال دیا ہے؟

نریندر مودی نے 2014ء کا حوالہ اس لیے دیا کہ وہ 2014ء میں ہی پہلی مرتبہ بھارتی وزیر اعظم بنے تھے اور اب تک سربراہ حکومت چلے آ رہے ہیں۔

اس موقع پر وزیر اعظم مودی نے کہا، ''بھارت میں اب اسالٹ رائفلوں اور طیارہ بردار بحری بیڑے سے لے کر جنگی طیاروں تک سب کچھ تیار کیا جا رہا ہے۔‘‘

بھارت اپنی تقریباﹰ 1.4 بلین کی آبادی کے ساتھ دنیا کا دوسرا سب سے بڑا ملک ہے اور اس کی فوج بھی اپنی مجموعی نفری کے لحاظ سے دنیا کی بڑی فوجوں میں شمار ہوتی ہے۔

جنوبی ایشیائی ملک بھارت، جو اپنے حریف ہمسایہ ملک پاکستان کی طرح ایک ایٹمی طاقت بھی ہے، عالمی سطح پر عسکری ساز و سامان کے سب سے بڑے درآمد کنندہ ممالک میں شمار ہوتا ہے۔

پاکستان پر نگاہ رکھنے کے لیے بھارت کی ڈرونزکی ہنگامی خریداری

تاریخی حوالے سے بھارت ماسکو کے ساتھ اپنے بہت قریبی تعلقات کے باعث عسکری سطح پر روس پر بھی بہت زیادہ انحصار کرتا ہے۔ تاہم حالیہ برسوں میں نئی دہلی نے اپنی ضرورت کا زیادہ سے زیادہ دفاعی سامان اندرون ملک ہی تیار کرنے پر بھی کافی توجہ دی ہے۔

بھارت کا ایک اور ہمسایہ ملک چین بھی ہے، جو ایٹمی طاقت بھی ہے اور جس کے ساتھ نئی دہلی کے روابط پاکستان کے ساتھ تعلقات کی طرح زیادہ تر کشیدگی سے عبارت ہی رہے ہیں۔ بھارت کی پاکستان اور چین کے ساتھ جنگیں بھی ہو چکی ہیں۔

م م / ک م (ڈی پی اے، اے ایف پی)