1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہالینڈ کو ہرا کر پاکستان سپر ایٹ میں

9 جون 2009

پاکستان نے ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ میچوں میں ہالینڈ کو 82 رنز سے شکست دے کر سپر ایٹ مرحلے میں جگہ بنا لی ہے۔ پاکستان کی اس ٹورنامنٹ میں یہ پہلی کامیابی ہے۔

https://p.dw.com/p/I6PT
پاکستانی ٹیم جیت کے بعد خوشی کا اظہار کر تےہوئےتصویر: AP

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہالینڈ جیت کے لئے 176 رنز کا ہدف دیا تھا۔ جواب میں ہالینڈ کی ٹیم صرف 93 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

پاکستان کی جانب سے شاہد آفریدی نے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اووروں میں 11رنز دےکر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سعید اجمل نے 4 اووروں میں 20 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ جبکہ محمد عامر، عمرگل اور شعیب ملک نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کی جانب سے اننگزکا آغاز کامران اکمل اور سلمان بٹ نے کیا۔ ابتداء میں پاکستانی بیٹسمینوں نے اعتماد کا مظاہرہ کیا لیکن سلمان بٹ 13گیندوں پر 18 رنزبنا کر آؤٹ ہو گئے۔ کامران اکمل نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے گراؤنڈ میں چاروں جانب اسٹروک کھیلے اور 30 گیندوں پر 41 رنز اسکور کئے۔

شعیب ملک نے 30 رنز بنائے۔ کپتان یونس خان نے 36 اور شاہد آفریدی نے 13 رنز بنائے۔ مصباح الحق 31 اور فواد عالم نے 3 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

ہالینڈ کی جانب سے پی ایم سیلر سب سے زیادہ کامیاب بو لر رہے انہوں نے 4 اوورں میں 36 رنز دےکر دوکھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کامران اکمل کی شاندار بیٹنگ کی بدولت انہیں مین آف دی میچ کے ایوارڈسے نواز گیا۔

رپورٹ عاطف توقیر

ادارت عاطف بلوچ