1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہالینڈ میں پارلیمانی انتخابات، ووٹنگ جاری

9 جون 2010

ہالینڈ میں آج بدھ کو عام انتخابات ہورہے ہیں۔ امکان ہے کہ معاشی اصلاحات کی حامی لبرل پارٹی اِن انتخابات میں پہلے نمبر پر رہے گی۔ تاہم لبرل پارٹی کو حکومت بنانے کے لئے دوسری جماعتوں کا سہارا لینا پڑے گا۔

https://p.dw.com/p/Nm9D
تصویر: AP

سولہ اعشاریہ سات ملین کی آبادی والے ہالینڈ میں 12 ملین رائے دہندگان ہیں جب کہ تقریباً اٹھارہ سیاسی جماعتیں اِن عام انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں۔ یونان میں معاشی بحران کے بعد یوور زون کے کسی بھی ملک میں یہ پہلے عام انتخابات ہیں۔ انتخابی مہم کے دوران جہاں معاشی مسائل کو حل کرنے کے وعدے کئے گئے، وہیں کچھ جماعتوں نے عوام کو یقین دلایا کہ برسرِ اقتدار آنے کی صورت میں وہ تارکینِ وطن کے لئے سہولیات کم کر دیں گی اور غیر یورپی ممالک سے لوگوں کے ہالینڈ میں سکونت اختیار کرنے کے رجحان کو روکنے کے لئے اقدامات کریں گی۔

Niederlande Wahlen Kommunalwahlen Geert Wilders Den Haag
گزشتہ چند برسوں میں اسلام مخالف قدامت پرست فریڈم پارٹی کی مقبولیت میں اضافہ ہواہےتصویر: picture-alliance/dpa

ووٹنگ ہالینڈ کے وقت کے مطابق صبح ساڑھے سات بجے شروع ہوئی اور ابھی رات نو بجے تک جاری رہے گی۔ تاہم تجزیہ نگاروں کے مطابق انتخابات میں رائے دہندگان کی شرکت کا تناسب بہت زیادہ نہیں رہے گا۔

ایک سروے کے مطابق 43 سالہ Mark Rutte کی لبرل پارٹی 34 سے 36 کے قریب نشستیں جیتنے کی پوزیشن میں نظر آرہی ہے جب کہ ایمسٹرڈیم کے میئر 62 سالہ Jacob Cohen کی لیبر پارٹی 30 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے گی۔ چون سالہ موجودہ وزیرِاعظم Jan Peter Balkenende کی کرسچین ڈیموکریٹک پارٹی کے بار ے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ 24 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔ 46 سالہ اسلام مخالف قدامت پرست رہنما Geert Wilders کی فریڈم پارٹی اٹھارہ نشستیں جیتنے کی پوزیشن میں نظر آ رہی ہے۔ حکومت بنانے کے لئے کسی بھی پارٹی کو کم از کم 76 ارکان کی حمایت درکار ہے۔

Wahlen in den Niederlanden
انتخابی مہم کے دوران سیاست دانوں نے معاشی مسائل کو حل کرنے کے وعدے کئے ہیںتصویر: AP

گزشتہ عام انتخابات میں لبرل پارٹی کی 21، لیبر پارٹی کی 33 اور کرسچین ڈیموکریٹک پارٹی کی 41 نشستیں تھیں۔ کسی کی بھی پارٹی کی واضح اکثریت نہ ہونے کی بناء پر، کرسچین ڈیموکریٹک پارٹی، لیبر پارٹی اور کرسچین یونین نے مل کر مخلوط حکومت بنائی تھی۔ اس سال فروری میں یہ مخلوط حکومت اُس وقت ختم ہوگئی تھی، جب لیبر پارٹی نے افغانستان میں ڈچ فوجیوں کے مزید قیام کے حوالے سے اٹھنے والے مسئلے کے پیشِ نظرحکومت سے علٰیحدگی اختیار کر لی تھی۔

کئی تجزیہ نگاروں کے مطابق ہالینڈ کی سیاست گزشتہ آٹھ سالوں میں کافی منقسم نظرآئی ہے۔ اِس دوران ملک میں چارحکومتیں تبدیل ہوئیں اور کوئی بھی حکومت اپنی چار سالہ آئینی مدت پوری نہیں کرپائی۔ آج ہونے والے عام انتخابات کے حوالے سے بھی سیاسی مبصرین کی یہی رائے ہے کہ کوئی بھی سیاسی جماعت ایوان میں اکثریت حاصل نہیں کر پائے گی اور یہ بھی نہیں کہا جا سکتا کہ ایک بار پھر معرضِ وجود میں آنے والے مخلوط حکومت زیادہ عرصے چل بھی سکے گی یا نہیں۔

رپورٹ: عبدالستار

ادارت: امجد علی