1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گیبون کے صدر انتقال کر گئے

9 جون 2009

افریقی ملک گیبون کے صدر عمر بونگو اونڈیمبا انتقال کرگئے ہیں جس کی با ضابطہ تصدیق لیبر ویل میں گیبون حکومت نے کردی ہے۔

https://p.dw.com/p/I6TK
حکومت کی جانب سےصدر کے انتقال کی تصدیق کر دی گئی ہےتصویر: AP

ملکی وزیر اعظم کی جانب سے صدر کے انتقال پر اس مغربی افریقی ریاست میں تیس دن کے سوگ کا اعلان کردیا گیا ہے ۔ اس دوران ملکی پرچم سرنگوں رہےگا۔ صدرکی وفات کے بعد پیدا ہونے والے سیاسی خلاء کے باعث ملک میں حالات کشیدہ ہو جانے کے امکانات ہیں۔ اسی خدشے کی بناء پر گیبون کی تمام قومی سرحدوں کو بند کر دیا گیا ہے۔اس کے علاوہ اس ملک میں عام شہریوں نے احتیاطا خوراک بھی ذخیرہ کرنا شروع کردی ہے۔

صدر بونگوسپین میں بارسلونا کے ایک نجی ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعداتوار کی رات انتقال کر گئے تھے۔ گیبون کے وزیر اعظم Ndong نے صحافیوں کو بتایا کہ صدر بونگو کی تدفین ایک سرکاری تقریب کی صورت میں بارہ سے پندرہ جون کے درمیان کسی روزعمل میں آئے گی۔

امریکی صدر باراک اوباما نےصدر بونگو کی وفات پر ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم عمر بونگو نے امریکہ اور گیبون کے دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں نہایت اہم کردار ادا کیا ۔صدر اوباما نے مزید کہا کہ خطے میں اور خطے سے باہر کے تنازعات کو حل کرنے کی کوششوں میں صدر بونگو کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے بھی صدربونگو کی وفات پرنہایت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نہ صرف افریقی ریاستوں کے مابین بلکہ براعظم افریقہ سے باہردوسرے خطوں میں بھی قیام امن کے لئے نمایاں خدمات انجام دیں جن کی وجہ سے ان کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

مرحوم صدر بونگو نے 1967ء میں فرانسیسی حکومت کی سیاسی تائید کے ذریعے گیبون میں اقتدار سنبھالا تھا۔ گیبون تیل کی دولت سے مالا مال ریاست ہےلیکن اس کی 1.5ملین کی آبادی کو ابھی تک شدید غربت کا سامنا ہے۔

صدر بونگو کی موت کی تصدیق سے ایک روز قبل فرانسیسی میڈیا کی جانب سے ان کی وفات کی غلط خبر شائع کرنے پر گیبون کی وزارت خارجہ نے پیر کےروز اس ملک میں فرانسیسی سفیرکو وضاحت کے لئے طلب کر لیا تھا اور لیبرویل میں وزیر اعظم Ndong نے صدر بونگو کے انتقال کی خبر کی تردید بھی کی تھی۔ تاہم اس حکومتی تردید کے 24 گھنٹے سے بھی کم وقت کے بعدحکومت نے یہ تصدیق بھی کر دی کہ صدر بونگو سپین میں انتقال کر گئے ہیں۔

رپورٹ : عروج رضا

ادارت : مقبول ملک