1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گوانتاناموایک سال میں بند، پاکستان اور افغانستان کے لئےخصوصی مندوب

مقبول ملک23 جنوری 2009

نئے صدر اوباما کواپنی ذمہ داریاں سنبھالے ابھی تین دن ہوئے ہیں لیکن ان کے اب تک کے متعدد انتہائی اہم فیصلے یہ اشارہ دیتے ہیں کہ امریکہ اور باقی ماندہ دنیا کے لئے اوباما دورحکومت بش دور صدارت سے واضح طور پر مختلف ہوگا۔

https://p.dw.com/p/Geag
وائٹ ہاؤس میں صدر اوباما گوانتانامو جیل کی بندش کے حکم نامے پر دستخط کرتے ہوئےتصویر: picture alliance / landov

جمعرات کے روز باراک اوباما نے ایک ایسے صدارتی حکم نامے پر دستخط کردیئے جس کے تحت کیوبا کے جزیرے پر مشتبہ دہشت گردوں کے لئے کئی سال سے قائم امریکہ کی بہت متنازعہ گوانتانامو جیل کو ایک سال کے اندر اندر بند کردیا جائے گا۔ اس جیل کی جلد ازجلد بندش باراک اوباما کے اہم ترین انتخابی وعدوں میں شامل تھی۔

اس فیصلے کے حوالے سے گوانتانامو کی جیل میں بند مصطفےٰ احمد الہوساوی نامی ایک ملزم کے امریکی وکیل جان جیکسن نے اس فوجی جیل کی بندش کے صدارتی حکم نامے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ گوانتانامو کی جیل کو بند کرنا ہی پڑے گا ورنہ یہ امریکی ریاست پر ہمیشہ کے لئے ایک دھبہ بنی رہے گی۔

Senator George Mitchell
مشرق وسطیٰ کے لئے نئے خصوصی مندوب جارج مچلتصویر: picture-alliance/ dpa

گوانتاناموجیل کی بندش کے صدارتی حکم پر تبصرہ کرتے ہوئے واشنگٹن سے ڈوئچے ویلے کی نامہ نگار کرسٹینا بیرگ من نے لکھا ہے کہ اس اقدام سے امریکہ نے آئینی تقاضوں کے احترام کے راستے پر واپسی کی طرف قدم اٹھایا ہے اور یہ ایک ایسا فیصلہ ہے جس کا باراک اوباما نے وعدہ تو کیا تھا مگر جس کا پوری دنیا انتظار بھی کررہی تھی۔

جمعرات ہی کے روز نئی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹں کی قیادت میں امریکی محکمہ خارجہ کی طرف سے مشرق وسطیٰ میں قیام امن کی کوششوں کو آگے بڑھانے اور پاکستان اورافغانستان میں دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں امریکی پالیسی کو زیادہ موثر بنانے کے لئے دو اہم فیصلے کئے گئے۔

Richard Holbrooke 2008
رچرڈ ہال بروک نے بوسنیا کے لئے ڈیٹن امن معاہدے میں بھی فیصلہ کن کردار ادا کیا تھاتصویر: picture-alliance/ dpa

ان فیصلوں کے تحت 77 سالہ سابق سینیٹر جارج مچل کو مشرق وسطیٰ کے لئے اوراقوام متحدہ میں امریکہ کے سابق سفیر67 سالہ رچرڈ ہال بروک کو پاکستان اور افغانستان کے لئےواشنگٹن کے نئے خصوصی مندوب نامزد کردیا گیا۔

جارج مچل کی نامزدگی کا اعلان کرتے ہوئے ہلیری کلنٹں نے کہا کہ ان کی ذمہ داری اس بارے میں امریکی کاوشوں کو نتیجہ خیز تحریک دینا ہوگی کہ اسرائیل اور اس کی ہمسایہ ریاستوں کے مابین دیرپا امن قائم ہو سکے۔

رچرڈ ہال بروک ایک منجھے ہوئے سفارت کار کے طور پر اپنے طویل کیرئیرکے دوران کئی مختلف عہدوں پر نمایاں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ان کی نامزدگی کااعلان کرتے ہوئے سابقہ خاتون اول اور نئی امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نےکہا کہ پاکستان اور افغانستان کے لئے خصوصی امریکی مندوب کے طور پر رچرڈ ہال بروک تما م ترحکومتی کوششوں کو اس طرح مربوط بنائیں گے کہ خطے میں واشنگٹن کے پالیسی اورعسکری مقاصد کا حصول ممکن بنایا جاسکے۔