1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گزشتہ برس ایک لاکھ سے زائد تارکین وطن کو جرمن شہریت دی گئی

شمشیر حیدر11 جولائی 2016

جرمنی کے وفاقی دفتر شماریات کے مطابق 2015ء کے دوران ایک لاکھ سے زائد غیر ملکیوں کو جرمن شہریت دی گئی۔ اعداد و شمار کے مطابق شہریت حاصل کرنے والے غیر ملکیوں کی تعداد میں پچھلے برسوں کے نسبت کچھ کمی ہوئی ہے۔

https://p.dw.com/p/1JMxC
Symbolbild Einbürgerung Deutschland
تصویر: Getty Images

خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق 2015ء کے دوران جرمن شہریت حاصل کرنے والے غیر ملکیوں کے بارے میں اعداد و شمار وفاقی دفتر شماریات نے آج گیارہ جولائی بروز پیر جاری کیے۔ پچھلے سال مجموعی طور پر ایک لاکھ سات ہزار دو سو غیر ملکیوں کو جرمن شہریت دی گئی جن میں قریب چودہ سو پاکستانی بھی شامل تھے۔

’تارکین وطن کو اٹلی سے بھی ملک بدر کر دیا جائے‘

ہمیں واپس آنے دو! پاکستانی تارکین وطن

وفاقی دفتر شماریات کے مطابق جرمن شہریت حاصل کرنے والوں کی تعداد میں 2014ء کی نسبت معمولی (تقریباﹰ ایک فیصد) کمی واقع ہوئی ہے۔ سب سے نمایاں کمی جرمن شہریت حاصل کرنے والے ترک باشندوں کی تعداد میں دیکھی گئی۔ 2015ء میں 19700 ترک باشندوں کو جرمن شہریت دی گئی، جو 2014ء یعنی اس سے ایک سال پہلے کے مقابلے میں 12.5 فیصد کم تھی۔ اس تقابلی کمی کے باجود پچھلے سال بھی جرمن شہریت حاصل کرنے والوں میں ترک شہریوں کا تناسب سب سے زیادہ رہا۔

[No title]

اس دوران جرمنی میں مقیم پاکستانی شہریوں کو جرمن شہریت دیے جانے کے تناسب میں قریب سات فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ 2015ء میں 1390 پاکستانیوں نے جرمن شہریت حاصل کی، جن میں قریب 650خواتین بھی شامل تھیں۔ اس سے قبل 2014ء میں 1300 پاکستانی باشندوں نے جرمن شہریت حاصل کی تھی۔

پچھلے برس مجموعی طور پر جنوبی ایشیائی ممالک سے تعلق رکھنے والے سات ہزار آٹھ سو غیر ملکیوں نے جرمن پاسپورٹ حاصل کیا، جن میں ساڑھے تیرہ سو بھارتی شہری بھی شامل تھے۔ اس طرح جرمن شہریت کے حصول میں گزشتہ برس اپنی مجموعی تعداد کے حوالے سے پاکستانی شہری بھارتی شہریوں سے تھوڑا سا آگے رہے۔

یورپی یونین کے رکن ممالک سے تعلق رکھنے والے غیر ملکیوں میں بھی جرمن شہریت حاصل کرنے کے رجحان میں 1.8 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔ پولینڈ کے تقریباﹰ چھ ہزار باشندوں نے جرمن شہریت حاصل کی جب کہ یہی فیصلہ کرنے والے اطالوی باشندوں کی تعداد بھی 3400 کے قریب رہی۔

اعداد و شمار کے مطابق دیگر یورپی ممالک کے باشندوں میں بھی جرمن شہریت کے حصول کے رجحان میں 8.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ پچھلے سال تقریباﹰ 4200 یوکرائنی باشندوں نے بھی جرمن شہریت حاصل کی۔ یہ تعداد اس سے ایک سال پہلے کے مقابلے میں قریب ایک تہائی زیادہ تھی۔

دیگر ممالک کو دیکھا جائے تو اسی عرصے کے دوران جرمن شہریت حاصل کرنے والوں میں 881 امریکی شہری اور ڈھائی ہزار سے زائد افغان باشندے بھی شامل تھے۔ اس کے علاوہ قریب پندرہ سو اسرائیلی شہریوں نے بھی جرمن شہریت حاصل کی جب کہ ان کے مقابلے میں ایسے فلسطینیوں کی تعداد محض 43 رہی۔

یورپی کمیشن نے سیاسی پناہ کے نئے قوانین تجویز کر دیے

ہزاروں پناہ گزین اپنے وطنوں کی جانب لوٹ گئے