1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گریمی ایوارڈز کی تقریبِ تقسیم

11 فروری 2008

دَس فروری اتوار کی شام برطانیہ کی سول طرزِ موسیقی کی ماہر اُس چوبیس سالہ گلوکارہ Amy Winehouse نے امریکہ کے موسیقی کے شعبے کے اکٹھے پانچ گریمی ایوارڈ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ تاہم منشیات کی عادی یہ گلوکارہ اتوار دَس فروری کو منعقدہ گریمی ایوارڈز کی تقریبِ تقسیم میں شریک نہیں ہوئیں۔ وجہ اِس کی یہ رہی کہ امریکی حکام نے اِس گلوکارہ کے منشیات کے استعمال کی وجہ سے اِسے شروع میں امریکہ کا ویزہ دینے سے ہی انکار کر دیا تھا اور

https://p.dw.com/p/DYOJ
اکٹھے پانچ گریمی ایوارڈز جیتنے والی برطانوی گلوکارہ ایمی وائن ہاؤ‎س
اکٹھے پانچ گریمی ایوارڈز جیتنے والی برطانوی گلوکارہ ایمی وائن ہاؤ‎ستصویر: AP

جب بالکل آخری لمحات میں ویزہ دیا تو تب خود اِس گلوکارہ نے ہی یہ کہہ کر جانے سے انکار کر دیا کہ اتنے کم وقت میں سفر کی تیاریاں کرنا اُن کےلئے ممکن ہی نہیں تھا۔

ایمی وائن ہاؤ‎س کے گیتوں کے البم Back to Black کو سال کی بہترین CD، اِسی البم کے گیت Rehab کو سال کے بہترین گیت، خود اُنہیں بہترین نئی گلوکارہ اور بہترین Pop البم کے ساتھ ساتھ Rehab گیت کی بہترین گائیکی کےلئے مجموعی طور پر پانچ ایوارڈز دئے گئے۔ ایمی وائن ہاؤ‎س نے اپنی یہ کامیابی نہ صرف اپنے شوہر Black Fiedler-Civil کے نام کی ہے، جو اِن دِنوں جیل میں ہیں بلکہ ساتھ ساتھ شہر لندن اور وہاں کے حال ہی میں آگ کی لپیٹ میں آنے والے علاقے کیمڈن ٹاؤ ن کے نام بھی۔

اپنے گریمی ایوارڈ یافتہ گیت Rehab میں ایمی وائن ہاؤ‎س کا لب و لہجہ باغیانہ ہے اور اُن کی سماج کی جانب یہی باغیانہ روِش اُن کے مداحوں کو بھی پسند ہے، جن کی خواہش ہے کہ اُن کی یہ پسندیدہ گلوکارہ اپنی منشیات استعمال کرنے کی عادت سے جلد از جلد چھٹکارا حاصل کریں۔

امریکی شہر لاس اینجلس میں منعقدہ گریمی ایوارڈز کی تقریبِ تقسیم میں ایک گریمی ایوارڈ جرمنی کے بھی حصے میں آیا۔ یہ ایوارڈ ملا، بہترین کوائر پرفارمینس کے لئے، برلن کے Rundfunk Chor کو۔

سڑسٹھ سالہ Jazz پیانو نواز Herbie Hancock کے البم River: The Joni Letters کو سال کے بہترین البم کے گریمی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ رَیپ طرزِ موسیقی کے امریکی گلوکار Kanye West کو آٹھ مختلف شعبوں میں نامزد کیا گیا تھا اور وہ چار شعبوں میں گریمی جیتنے میں کامیاب رہے۔ بہترین Pop گیت کا ایوارڈ جیتا، جسٹن ٹمبر لیک نے۔

ایک ایوارڈ امریکہ کے صدارتی اُمیدواروں کی دوڑ میں شامل بیرک اوباما کو بھی ملا۔ وہ تھا، اُن کی آڈیو بک میں اُن کے خوبصورت طرزِ بیان کے لئے۔ مجموعی طور پر 110 شعبوں میں گریمی ایوارڈز دئے گئے۔