1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گرمائی یوتھ اولمپکس:آج سے شروع

14 اگست 2010

کثیر الجہتی کھیلوں کا عالمی ایونٹ یوتھ اولمکپس پہلی مرتبہ آج، 14 اگست سے سنگاپور میں شروع ہو رہا ہے۔ کھیلوں کا یہ ایونٹ ہر چار سال بعد انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی کے زیر انتظام منعقد کیا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/Oiyb
برلن میں یوتھ اولمپکس کی مشعل کی تقریبتصویر: AP

یوتھ اولمپکس گیمز کی مشعل یا ٹارچ حسب معمول یونان میں اولمپکس کھیلوں کی جائے پیدائش پر روشن کی گئی۔ منصوبہ یہ تھا کہ مشعل تمام براعظموں کے ایک ایک شہر سے ہوتی ہوئی مشرق بعید کے ملک سنگاپور پہنچے گی۔ کھیلوں کی مشعل کے راستے کے لئے جن شہروں کا انتخاب کیا گیا، ان میں براعظم یورپ سے جرمنی کا دارالحکومت برلن تھا۔

برلن میں جولائی کی 24 تاریخ کو مشعل کی خصوصی استقبالی تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا۔ باسکٹ بال کے عالمی شہرت کے جرمن کھلاڑی ڈرک نوواٹسکی نے یوتھ گیمز کی مشعل نوجوان ایتھلیٹس کے حوالے کی۔ مشعل کا اگلا پڑاؤ براعظم افریقہ سے منتخب ہونے والے ملک سینیگال کا مرکزی شہر ڈاکار تھا۔ امریکی براعظموں سے میکسیکو کے شہر میکسیکو سٹی اور براعظم آسٹریلیا سے نیوزی لینڈ کے شہر آک لینڈ کو مشعل کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہوا۔ ایشیا سے جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول سے ہوتی ہوئی یہ مشعل سنگاپور کے مرکزی سٹیڈیم پہنچے گی۔

چودہ اگست سے شروع ہونے والے یوتھ اولمپکس گیمز میں تقریباً 36 سو ایتھلیٹس شرکت کر رہے ہیں۔ ان میں دو درجن پاکستانی حکام اور ایتھلیٹس پر مبنی دستہ بھی شامل ہے۔ یہ دستہ چار ڈسپلن میں حصہ لے گا۔ ان میں ہاکی اور تائیکوانڈو بھی شامل ہے۔ اس دستے کے سربراہ بریگیڈیئر اقتدار ہیں۔ جرمنی کے 70 نوعمر ایتھلیٹس مختلف مقابلوں میں حصہ لیں گے۔ یہ ایتھلیٹس کل بیس مختلف کھیلوں میں شریک ہوں گے۔

Flamme für die ersten Olympischen Jugendspiele wird entzündet
یوتھ اولمپکس کے لئے مشعل روشن کی جا رہی ہےتصویر: AP

کل 26 کھیلوں کے ڈسپلن ہے اور ان میں 184 مقابلے ہوں گے۔ ان گیمز میں شریک ہونے والے ایتھلیٹس کی عمر چودہ سے اٹھارہ سال کے درمیان ہونا لازمی ہے۔ عمر کا میڈیکل سرٹیفیکیٹ منتظمین کو جمع کروانا ہوتا ہے۔ یہ گیمز 26 اگست تک جاری رہیں گے۔

بین الاقوامی اولمپک کمیٹی میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ گرمائی کھیلوں کا دورانیہ بارہ دن اور سرمائی یوتھ گیمز کا دورانییہ نو دنوں پر محیط ہو گا۔ اسی طرح شرکت کرنے والے ایتھلیٹس کی تعداد کا تعین بھی بین الاقوامی اولمپک کمیٹی نے کردیا ہے۔ گرمائی کھیلوں میں زیادہ سے زیادہ 36 سو ایتھلیٹس اور 875 حکام جبکہ سرمائی یوتھ گیمز میں 970 ایتھلیٹس اور 580 حکام شرکت کریں گے۔

بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کے فیصلے کے تحت پہلے یوتھ اولمپکس گیمز آج ہفتہ کے روز سنگاپور میں شروع ہورہے ہیں۔ پہلے سرمائی کھیلوں کی میزبانی کا اعزاز آسٹریا کے شہر انزبروک کو حاصل ہوا ہے۔ یہ کھیل سن2012 میں ہوں گے۔ دوسرے گرمائی یوتھ اولمپکس گیمز سن 2014 میں چین کے شہرنانجنگ میں ہوں گے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں