1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کیتھرین زیٹا جونز نفسیاتی مریضہ بن گئیں

14 اپریل 2011

ہالی وڈ کی معروف اداکارہ کیتھرین زیٹا جونز ذہنی تناؤ کا شکار ہونے کے بعد دماغی امراض کے ہسپتال میں علاج کے لیے داخل ہیں۔ ان کے اداکار شوہر مائیکل ڈگلس کی شدید بیماری کو بھی اُن کی اِس حالت کی ایک بڑی وجہ بتایا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/10tUP
اداکارہ کیتھرین زیٹا جونزتصویر: AP

بدھ 14 اپریل کو کیتھرین زیٹا جونز کے ایک نمائندے نے میڈیا کو جاری کیے گئے ایک بیان میں بتایا ہے کہ گزشتہ برس مائیکل ڈگلس کی بیماری کے باعث کیتھرین غیر معمولی پریشانی کا شکار رہی تھیں۔ مائیکل ڈگلس کو گلے کے کینسر کا عارضہ لاحق ہو گیا تھا تاہم وہ علاج کے بعد کینسر کو شکست دینے میں کامیاب ہو گئے تھے۔

Berlinale Eröffnung Catherine Zeta-Jones und Michael Douglas
کیتھرین زیٹا جونز اپنے اداکار شوہر مائیکل ڈگلس کی بیماری سے شدید پریشان تھیںتصویر: AP

41 سالہ کیتھرین زیٹا جونز کے نمائندے کے مطابق کیتھرین مالیخولیا یا Bipolar II کا شکار ہوگئی ہیں، جس کے علاج کے لیے وہ نفسیاتی امراض کے ہسپتال میں علاج کی غرض سے مختصر دورانیے کے قیام کے لیے داخل ہو گئی ہیں۔ اس بیان میں یہ وضاحت نہیں کی گئی ہے کہ وہ کس کلینک میں داخل ہیں اور انہیں یہ بیماری کب لاحق ہوئی تھی۔

Bipolar II کو پہلے مینک ڈپریشن (manic-depression)کے نام سے جانا جاتا تھا۔ جیسا کہ اِس نام سے ظاہر ہے، اس بیماری میں موڈ کبھی حد سے زیادہ خوش گوار ہو جاتا ہے اور خوشی کے احساس میں بے انتہا شدت آ جاتی ہے، اور کبھی انسان پر بے انتہا اداسی طاری ہو جاتی ہے۔ اس بیماری میں مختلف اوقات میں مختلف کیفیات پائی جاتی ہیں۔ اس بیماری میں موڈ یا طبیعت میں اچانک شدید جذبات غالب آ جانے کے باعث روز مرہ کے کاموں کی انجام دہی میں مشکلات پیدا ہو جاتی ہیں۔

کیتھرین کے نمائندے کا کہنا ہے کہ ان کی طبیعت اب پہلے سے بہتر ہے اور وہ اپنی دو آنے والی نئی فلموں کی عکسبندی کے لیے رواں ہفتے سے ہی کام کا آغاز کر دیں گی۔

رپورٹ: عنبرین فاطمہ

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں