1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کولون، کارنیوال، گرجا گھر اور ثقافت

1 مئی 2013

’کولے آلاف ‘ ہر سال موسم بہار کی آمد پر یہ نعرہ کولون کے گلی کوچوں میں گونجتا ہے جو کہ یہاں کے روایتی جشن ’کارنیوال‘ کے آغاز کی علامت ہے۔

https://p.dw.com/p/zuBw
تصویر: Foustontene - Fotolia.com

کارنیوال دراصل بہار کی آمد کی خوشی میں منایا جاتا ہے۔ اس میں لوگ مختلف طرح کے روپ دھارے اور رنگ برنگے کپڑے پہنے شریک ہوتے ہیں۔ پانچ روزہ اس جشن میں شرکت کے لئے پوری دنیا اور بالخصوص یورپ بھر سے آئے لاکھوں لوگ شاہراوں،گلیوں، رستورانوں، باغات اوردریائے رائن کے کنارے بڑے جوش وخروش سے جشن مناتے ہیں۔

اس موقع پر جرمنی کے مشہور میوزک گروپ کارنیوال کے لئے خصوصی دھنیں تیار کرتے ہیں۔کولون ایک بین الثقافتی شہر ہے اوریہاں کے لوگ دوست نواز اور گھل مل جانے والے ہیں۔ یہاں کا پسندیدہ مشروب ’کولنش بیئر‘ ہے اور یہ سماجی تقریبات کا اہم جزو ہے۔

تاریخی پس منظرکا حامل چرچ ’ڈوم‘

Momentaufnahmen, Deutschland entdecken, Karneval, Köln
کارنیوال میلے کا ایک منظرتصویر: Maksim Nelioubin

کولون کی آبادی تقریباﹰ 1 ملین ہے اور یہ جرمنی کا چوتھا بڑا شہر ہے۔2000ء سال قبل رومن سلطنت، جوکہ دریائے رائن تک پھیلی ہوئی تھی، کے حکمرانوں نے یہاں ’کولونیا‘ نامی ایک بحری تجارتی مرکز کی بنیاد رکھی اور یہیں سے کولون کی تاریخ کا آغاز ہوتا ہے۔ آج بھی کولون بحری تجارت کا اہم مرکز ہے۔ شمالی جرمنی سے جنوبی جرمنی جانے والے تمام تجارتی بحری جہاز یہاں سے گزرتے ہیں۔ خاص کر قرون وسطٰی کے دور میں کولون کو تجارتی مرکزکی حیثیت سے عروج حاصل ہوا۔ اس دور میں یہاں 12 چرچ اور 3 تاریخی قلعے تعمیر کیے گئے۔

کولون کی مرکزی پہچان تاریخی اہمیت کا حامل چرچ ’ڈوم‘ ہے جسے دیکھنے ہر سال لاکھوں سیاح یہاں آتے ہیں۔ بلاشبہ ’ڈوم‘ کو سیاحتی حوالے سے جرمنی کے مشہور مقامات میں شمار کیا جاتا ہے۔گوتھک تعمیراتی فن کے اس نادر شاہکارکی تعمیر میں ایک سو سال سے زیادہ کاعرصہ لگا۔ ڈوم کے آسمان کی بلندی کو چھوتے جڑواں میناروں کی بلندی تقریباﹰ 157 میٹر ہے۔

ازسرنو تعمیرشدہ شہر

دوسری عالمی جنگ سے پہلے کولون ایک خوبصورت اور تاریخی شہر تھا۔ خاص کرشہر کا جنوبی علاقہ جھونپڑی کے طرز پر بنائے گئے مکانات اور پتلی پتلی گلیوں کی وجہ سے جاذب نظر اور منفرد نظر آتا تھا۔ دوسری عالمی جنگ کے دوران اتحادی افواج کی شدید بمباری کی باعث شہر کا مرکز تقریباﹰ تباہ ہو گیا تھا۔ عالمی جنگ کے فوری بعد یہاں تعمیرنو کا کام شروع کر دیا گیا تھا۔ آج یہ شہر جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہے۔ شہر میں کئی بلند وبالا عمارتیں ہیں جہاں کاروباری دفاتر قائم ہیں۔

جدید آرٹ کا مرکز

Webcam Köln Dom
کولون کا تاریخی گرجا گھر

کولون ہمیشہ سے ثقافتی سرگرمیوں کا مرکز رہا ہے۔ یہاں کئی بڑی آرٹ گیلریاں ہیں جہاں فن کے فروغ کے لئے کام ہورہا ہے۔ یہاں کا مشہور عجائب گھر ’لڈوگ میوزم‘ تاریخی اہمیت کا حامل ہے اور ہر سال یہاں ’آرٹ کولون‘ نامی نمائش کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ اس میں دنیا بھر سے ہزاروں افراد شرکت کرتے ہیں۔

جدید ذرائع ابلاغ کا مرکز

کولون جرمنی کے جدید ذرائع ابلاغ کے مراکز میں سے ایک ہے۔ یہاں 10 سے زائد ریڈیو اور ٹیلی وژن سٹیشن ہیں۔ ویسٹ جرمن براڈکاسٹنگ اور آر ٹی ایل یہی سے نشر کئے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ 400 پروڈکشن کمپنیوں کے دفاتر یہاں قائم ہیں اور ذرائع ابلاغ کے شعبے میں بھاری سرمایہ کاری کی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ یہاں ایک جدید میڈیا سینٹر بھی تعمیر کیا گیا ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں