1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کورونا وائرس کہاں سے آیا، یہ جاننا کیوں ضروری؟

14 جنوری 2021

سارس کوو- ٹو سب سے پہلے چمگادڑوں میں پایا گیا تھا لیکن یہ آخر انسانوں تک کیسے پہنچا؟ یہ موضوع سب سے زیادہ قیاس آرائیوں کا مرکز بنا ہوا ہے۔ اب ڈبلیو ایچ او کے محققین اس کی تحقیق کر رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/3ntfl
China Coronavirus WHO Flughafen Wuhan
تصویر: Ng Han Guan/AP Photo/dpa/picture alliance

 کورونا وائرس کس حد تک انسانوں کو نقصان پہنچا سکتا تھا، اس امر کا اندازہ تو اب دنیا کے تمام متاثرہ خطوں کی صحت، اقتصادیات، معاشی اور معاشرتی صورتحال سے ہو گیا ہے تاہم ابھی تک یہ امر ایک معمہ یا پہیلی ہی بنا ہوا ہے کہ آخر یہ انسانوں تک کس طرح منتقل ہوا؟ چودہ جنوری بروز جمعرات کو ڈبلیو ایچ او کے ماہرین کی ایک ٹیم چین پہنچ گئی ہے، جو یہ پتا لگائے گی کہ مہلک کورونا وائرس آیا کہاں سے؟

ایک سال سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے، جب دسمبر 2019ء میں چین میں کورونا وائرس کے سبب پیدا ہونے والی بیماری کووڈ انیس کا پہلا کیس درج ہوا تھا۔ ماہرین اب تک یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ یہ وائرس کب اور کہاں پیدا ہوا؟ تاہم اب تک کے شواہد اس طرف اشارہ کرتے ہیں کہ کورونا وائرس چین میں 'ہورس شو‘ چمگادڑوں سے پھیلا۔ اس بارے میں ہونے والی تاحال تحقیق یہ بھی بتاتی ہے کہ 2019 ء کے ماہ نومبر میں یہ وائرس یورپی ملک اٹلی میں گردش کر رہا تھا۔ یہ ایک طرح کی یاد دہانی ہے کہ متعدی بیماری کووڈ انیس کا پھیلنا اُس سے کہیں زیادہ پیچیدہ اور خطرناک ہے، جتنا کہ یہ نظر آتا ہے۔

China | Corona | Virusausbruch | Ermittler
ڈبلیو ایچ او کی ٹیم کے اراکین سنگاپور سے اڑنے والی فلائٹ سے ووہان پہنچے۔تصویر: Ng Han Guan/AP Photo/picture alliance

کورونا وائرس تحقیقی مشن

اس وقت یہ امر اہم نہیں کہ مریض کون ہے؟ ماہرین کے لیے یہ جاننا ضروری ہے کہ لوگ کیسے اور کب کورونا وائرس کا شکار ہوتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ حال اور مستقبل دونوں میں متعدی بیماری کی وبا پھوٹنے سے بچنے کے لیے اس وائرس کے نقطہ آغاز تک پہنچنا بہت ضروری ہے۔

اس طرح کسی بھی بیماری کے پھیلاؤ کے قابو سے باہر ہونے سے پہلے پہلے وبا کے آغاز میں ہی اگر اس کے نقطہ آغاز کا پتا چل جائے تو اس وبا کے پھیلاؤ کو سست رفتار بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔ اگر ہر کیس کی شناخت ہو جائے اور اس کے رابطے کا سراغ لگا لیا جائے تو مرض پھیلانے والے جرثومے کو روکا جا سکتا ہے۔

China | Corona | Virusausbruch | Ermittler
ووہان ایئرپورٹ کا ایک خصوصی ٹرمینل ڈبلیو ایچ او کی تحقیقاتی ٹیم کے لیے کھولا گیا۔تصویر: Ng Han Guan/AP Photo/picture alliance

برطانیہ کی کیل یونیورسٹی سے منسلک ایک وائرولوجسٹ ناؤمی فورسٹر سوٹو کا کہنا ہے کہ اگر کسی وائرس کے پھیلاؤ کو ابتدائی طور پر روکنے کی مدت گزر بھی گئی ہو، جیسے کہ SARS-CoV-2 کے معاملے میں ہوا، تو بھی ایسی تحقیق 'بیماری کے منبع ‘ کا پتا لگانے کے لیے بصیرت فراہم کر سکتی ہے۔ سوٹو کے بقول،''بیماری کیسے اور کہاں سے نکلی، اس حوالے سے ہم جتنا زیادہ جان پائیں گے، اس کے بارے میں اتنی ہی زیادہ بہتر پیش گوئی کرتے ہوئے اس پر قابو پایا جا سکتا ہے۔‘‘    

 ناؤمی فورسٹر سوٹو نے ڈوئچے ویلے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا،''کورونا وائرس کیس میں ہمیں یہ جاننے میں مدد مل سکتی ہے کہ ہم کچھ مخصوص جانوروں کے ساتھ اپنے رویے میں یا کھیتی باڑی میں کس طرح کی تبدیلی لا سکتے ہیں؟‘‘

شیلڈ چارلی ایلن / ک م/ اا

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں