1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کم کلائسٹرز: ٹاپ ٹین میں

9 اپریل 2010

گزشتہ برس ریٹائرمنٹ واپس لے کر ٹینس کورٹ پر قدم رکھنے والی کم کلائسٹرز نے یو ایس اوپن جیت کر ناقدین کو حیران کردیا تھا۔ بیلجیئم سے تعلق رکھنے والی کلائسٹرز ایک بار پھر عالمی نمبر ایک کی منزل کی جانب گامزن ہیں۔

https://p.dw.com/p/MrfA
xتصویر: AP

ٹینس کی سابقہ عالمی نمبر ایک کم کلائسٹرز نے شادی کے لئے کھیل سے ریٹائر منٹ کا اعلان کردیا تھا۔ انہوں نے ماں بننے کے بعد دوبارہ ٹینس کورٹ میں قدم رکھا۔ ماہرین کا خیال تھا کہ مارٹینا ہنگز اور مونیکا سیلیز کی طرح شاید وہ اپنی واپسی کا بھرپور جشن نہ منا سکیں لیکن ایسا نہ ہوا۔ کم کلائسٹرز نے پہلے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ میں شرکت کی اور اُس کو جیت کر ماہرین کے اندازے غلط ثابت کردیے۔ اِس جیت میں انہوں نے ولیمز سسٹرز کو یکے بعد دیگرے ہرایا۔

گزشتہ ویک اینڈ پر وہ امریکی شہر میامی میں خواتین ٹینس کے اہم ٹورنامنٹ کو جیت کر ٹاپ ٹین میں پہنچ گئی ہیں۔ اِس ٹورنامنٹ میں کامیابی سے قبل وہ عالمی نمبر سولہ تھیں لیکن فتح کے بعد وہ چھ پوزیشن اوپر آگئیں۔ یہ ایک بہت بڑی جست قرار دی گئی ہے۔ میامی اوپن میں کم کلائسٹرز نے وینس ولیمز کو فائنل میں صرف اٹھاون منٹ میں شکست سے دو چار کردیا تھا۔ اُن کے بیک ہینڈ شارٹس کا کوئی جواب وینس ولیمز کے پاس نہیں تھا۔

Flash-Galerie Jahresrückblick Sport Kim Clijsters
کم کلائسٹرز اپنی بیٹی اور شوہر کے ہمرا، یو ایس اوپن جیتنے کے بعد: فائل فوٹوتصویر: AP

تاہم جمعہ کے روز پچیس سالہ کم کلائسٹرز کو ایک حیران کن دھچکے کا سامنا کرنا پڑا، جب وہ ہسپانیہ میں کھیلے جانے والے اندلوسیا اوپن کے پہلے راؤنڈ میں ایک غیر معروف کھلاڑی Beatriz Garcia Vidagany سے ہارگئیں۔ وہ ایک سیٹ ہار کر دوسرے میں کامیاب بھی ہو گئیں لیکن تیسرے سیٹ میں وہ کوئی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکیں۔ Beatriz Garcia Vidagany اِس ٹورنامنٹ میں بطور کوالیفائر کے شریک ہیں اور اُن کی عالمی درجہ بندی میں پوزیشن 258 ویں ہے۔

ماہرین کا خیال ہے کہ اگر گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ فرنچ اوپن سے قبل کم کلائسٹرز کم از ایک دو ٹورنامنٹ جیت گئیں تو وہ اپنی رینکنگ کو مزید بہتر بنا لیں گی۔ ٹینس کی عالمی درجہ بندی میں امریکی ٹینس سٹار سیرینا ولیمز پہلی پوزیشن پر ہیں اور دوسری پوزیشن پر ڈنمارک کی ہونہار کھلاڑی کیرولین ووصنیاکی ہیں۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: افسر اعوان