1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کرکٹ ورلڈ کپ: پاکستان نےکینیا کو318 رنز کا ہدف دے دیا

23 فروری 2011

پاکستان نے عالمی کپ میں اپنے پہلے میچ میں کینیا کو 318 رنز کا ہدف دیا ہے۔ پاکستان کی سست ابتداء کے بعد چارکھلاڑیوں کی نصف سنچریوں اور اضافی رنز کی بدولت ٹیم یہ اسکور کرنے میں کامیاب ہوئی۔

https://p.dw.com/p/10NVL
تصویر: bdnews24.com

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ تاہم پاکستان کی ابتداء اچھی نہ تھی۔ اوپنر محمد حفیظ9 رنز بنا کر11رنز کے مجموعی اسکور پر اور احمد شہزاد صرف ایک رن بنا کر پویلین واپس پہنچ چکے تھے۔ اس موقع پر یونس خان اور کامران اکمل نے ذمہ داری سےکھیلتے ہوئے ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا۔ کامران 55 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ یونس خان نے بھی نصف سنچری اسکور کی۔

پاکستان کی پانچویں گرنے والی وکٹ مصباح الحق کی تھی، جو 273 کے اسکور پر گری۔ مصباح الحق 65 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس موقع پرکپتان شاہد آفریدی اور عمر اکمل نے آخری تین اوورز میں گراؤنڈ کے چاروں اطراف اسٹروک کھیلے۔ اسی کوشش میں عمر 71 رنز بنا کر اوڈویو کی بال پر اوبویا کے ہاتھوں باؤنڈری پرکیچ ہو گئے۔کپتان آفریدی کی آخری اوورز میں بوم بوم نہ چل سکی اور وہ صرف 7 رنز ہی بنا سکے۔ عبدالزراق کے7 اور عبدالرحمن کے 5 رنز کے ساتھ پاکستان کی اننگز 317 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر ختم ہوئی۔

کینیا کی جانب سے سب سے کامیاب بالر اوڈویو رہے جنہوں نے7 اوورز میں41 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کینیا کے بالرز نے ابتداء میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی کھلاڑیوں کو آزادانہ اسٹروک کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔ تاہم ان کی نپی تلی بالنگ اس وقت بے کار ثابت ہوئی جب آخری لمحات میں کینیا کے کھلاڑی فاضل رنز پر قابو نہ کر پائے اور ایکسٹرا رنز کی تعداد 45 رہی۔

رپورٹ : عدنان اسحاق

ادارت : شامل شمس