1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کورونا وائرس کے خلاف جنگ ميں خفيہ ہتھيار، کتے

22 اکتوبر 2020

فن لينڈ کے محققين نے پتہ چلايا ہے کہ کتے مہارت کے ساتھ سونگھ کر کورونا وائرس کا پتا چلا ليتے ہيں اور اس عمل ميں زيادہ وقت نہيں لگتا۔ سوال يہ ہے کہ انہيں عالمی وبا کے خلاف جاری کوششوں کا حصہ کيوں نہيں بنايا جا رہا۔

https://p.dw.com/p/3kHWc
Finnland Coronavirus Spürhunde am Flughafen Helsinki
تصویر: Lehtikuva/Reuters

فن لينڈ کے دارالحکومت ہلسنکی کے ہوائی اڈے پر ايک چھوٹے سے کيبن ميں کوسی نامی کتا اپنے پسنديدہ کھانے کے بدلے فوراً يہ پتا لگا ليتا ہے کہ کسی فرد ميں کورونا وائرس ہے يا نہيں۔ اگر کوئی اور اس کے ساتھی کتوں پر چھوڑا جائے، تو يہ چند ہی منٹوں ميں تمام ايسے مسافروں کی شناخت کر ليں گے، جن ميں کورونا وائرس ہو۔ کتوں کے سونگھ کر وائرس کا پتا لگانے کے طريقہ کار سے مسافروں کو اس جسمانی الجھن سے بھی نہيں گزرنا پڑے گا، جس سے انہيں موجودہ پی سی آر نامی ٹيسٹ کے دوران گزرنا پڑتا ہے۔

کوسی آٹھ برس قبل اسپين ميں جانوروں کو تحفظ فراہم کرنے والے ايک شيلٹر ميں تھا
کوسی آٹھ برس قبل اسپين ميں جانوروں کو تحفظ فراہم کرنے والے ايک شيلٹر ميں تھاتصویر: Pekka Koli/DW


کتا کورونا وائرس کا کيسے پتا لگاتا ہے؟

اگر کسی شخص کے ہاتھ يا پھر اس کی گردن پر ايک کپڑا لگايا جائے اور وہ شخص گزشتہ پانچ دنوں کے اندر کسی ايسے شخص کے ساتھ تعلق ميں آيا ہو، جو کورونا وائرس کا شکار ہو، تو کتا سونگھ کر اس کا پتہ لگا ليتا ہے۔ خواہ اس شخص ميں اس وبائی مرض کی علامات ہوں يا نہيں۔

جانوروں پر تحقيق کرنے والی يونيورسٹی آف ہلسنکی کی محققہ انا ہيم يورکمان نے ڈی ڈبليو کو بتايا، ''ايک کتا کئی زندگياں بچا سکتا ہے۔‘‘ يورکمان کے مطابق ان کی تحقيق ميں کتوں نے وائرس کی ايک سو فيصد درست نشاندہی کی۔ ان ہی کی تجويز پر ہلسنکی ايئر پورٹ پر 'کوسی‘ کو وائرس کی تشخيص کے ليے استعمال کيا گيا۔ کوسی کو اس سے قبل ديگر بيماريوں اور طبی صورتحال کی تشخيص کے ليے استعمال کيا جاتا رہا ہے۔ انا ہيم يورکمان کے مطابق کوسی کو يہ بات سمجھنے ميں صرف سات منٹ لگے کے اسے کورونا کی نشاندہی کے سلسلے ميں کيا تلاش کرنا ہے۔

اس پيش رفت کا ايک دلچسپ پہلو يہ ہے کہ کوسی آٹھ برس قبل اسپين ميں جانوروں کو تحفظ فراہم کرنے والے ايک شيلٹر ميں تھا۔ انجيکشن کے ذريعے اس کی زندگی ختم کرنے کا فيصلہ بھی کيا جا چکا تھا جب سوزانا پاوويليانن نے اسے بچايا۔ پاوويليانن ايک ايسی فاونڈيشن کی ايگزيکٹو ڈائريکٹر ہيں، جو جانوروں کی سونگھنے کی صلاحيت کو بروئے کار لاتے ہوئے بيماريوں کی تشخيص کا کام کرتی ہے۔

کتوں کو کورونا وائرس کی تشخيص کے ليے وسيع پيمانے پر استعمال کرنے ميں ايک بڑی رکاوٹ فنڈنگ کی قلت ہے۔ ونٹا کے ڈپٹی ميئر ٹيمو ارنکيوٹو کے مطابق ہوائی اڈے پر ٹيسٹنگ پر تقريباً ايک ملين يورو ماہانہ کے اخراجات آتے ہيں، جو موسم سرما ميں تين ملين تک جا سکتے ہيں۔ ''کتے اس کے مقابلے ميں کافی سستے پڑيں گے،‘‘ ارنکيوٹو نے کہا۔

تاہم ہلسنکی حکومت فی الحال اس منصوبے کو عملی جامعہ پہنانے ميں زيادہ دلچسپی نہيں دکھا رہی۔

کتوں کی مدد سے کورونا کی شناخت پر صرف فن لينڈ ميں کام نہيں ہو رہا بلکہ جرمنی ميں بھی يہ کام جاری ہے ليکن فی الحال کتوں کو باقاعدہ استعمال نہيں کيا گيا ہے۔



ع س / ع ح (ٹيری شلس)