1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی جاری ہے: پاکستانی وزیر اعظم

10 دسمبر 2008

پاکستانی وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے زور دے کر کہا ہے کہ پاکستان میں کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی جاری ہے۔

https://p.dw.com/p/GDJv
پاکستانی وزیر اعظم کےمطابق اب پاکستان اور بھارت دونوں پڑوسی ملکوں کو ایک دوسرے کے خلاف منفی بیان بازی ترک کر دینی چاہیےتصویر: AP

پاکستانی وزیر اعظم کےمطابق اب پاکستان اور بھارت دونوں پڑوسی ملکوں کو ایک دوسرے کے خلاف منفی بیان بازی ترک کر دینی چاہیے۔ پاکستانی سربراہِ حکومت نے بدھ کے روز ملتان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو ممبئی حملوں کے سلسلے میں اب تک ملنے والے شواہد کا پاکستان کے ساتھ تبادلہ کرنا چاہیے۔


یوسف رضا گیلانی کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان ہرطرح کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے اورصرف بھارت ہی دہشت گردی کا شکارنہیں ہوا بلکہ دہشت گردانہ واقعات پوری دنیا میں دیکھنے میں آ رہے ہیں۔ وزیر اعظم گیلانی نےکہا کہ دنیا دہشت گردی کے خلاف پاکستانی حکومت کے اقدامات کوقدر کی نگا ہ سے دیکھتی ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسلام آباد حکموت پاکستانی سرزمین کو دہشتگردی کے لیےاستعمال کئے جانے کی اجازت نہیں دے گی۔

یوسف رضا گیلانی نے تصدیق کی کہ کالعدم تنظیم لشکر طیبہ کے دو سرکردہ کمانڈروں ضرارشاہ اور زکی الرحمان لکھوی کو تحقیقات کےلیےحراست میں‌لیا جا چکا ہے۔ گیلانی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تلخی ختم کرانے کے لیے اطراف کے میڈیا کو بھی اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔ پاکستانی وزیر اعظم نے کہا کہ وہ پاک بھارت کشیدگی کے خاتمےکے لیے ایک اعلی سطحی وفد بھارت بھیجنا چاہتے ہیں۔