1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کاربن کے اخراج میں کمی کے لئے چین کا ہدف

27 نومبر 2009

چین نے بھی کاربن کے اخراج میں کمی کے ہدف کا اعلان کر دیا ہے۔ بیجنگ حکام کی جانب سے یہ اعلان اس نوعیت کے امریکی فیصلے کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے۔

https://p.dw.com/p/KhQV
تصویر: AP

یہ دونوں ممالک دُنیا بھر میں کاربن کے اخراج میں سرفہرست ہیں۔ یہ اہداف آئندہ ماہ کوپن ہیگن میں ہونے والی عالمی ماحولیاتی کانفرنس میں پیش کئے جائیں گے۔

بیجنگ حکام کے مطابق کاربن کے اخراج میں 2020ء تک دوہزار پانچ کی سطح سے چالیس سے پینتالیس فیصد کمی لائی جائے گی۔ خبررساں ادارے روئٹرز کے مطابق تجزیہ کاروں نے چین کی جانب سے مقرر کردہ اس ہدف کو اعتدال پسندانہ قرار دیا ہے۔

وائٹ ہاؤس نے بدھ کو اعلان کیا کہ کوپن ہیگن کی عالمی ماحولیاتی کانفرنس کے دوران کاربن کے اخراج میں سترہ فیصد کمی کی تجویز پیش کی جائے گی۔ وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ کاربن کے اخراج میں یہ کمی 2005ء کے تناسب سے دوہزار بیس تک کی جائے گی، جو اقوام متحدہ کے معاہدوں میں استعمال کئے گئے 1990ء کے بینچ مارک سے تین فیصد کم جبکہ امریکی ایوانِ نمائندگان کی جانب سے منظور کردہ قانون کے عین مطابق ہے۔

Premierminister China Wen Jiabao
چین کے وزیر اعظم وین جیاباؤتصویر: AP

ادھر ما‌حولیات سے متعلق اقوام متحدہ کے ادارے کے سربراہ ایوو دی بوئر نے کہا ہے کہ واشنگٹن اور بیجنگ حکام کی جانب سے ان فیصلوں سے تحفظ ماحول کے لئے عالمی معاہدے کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔

بیجنگ انتظامیہ نے وزیر اعظم وین جیاباؤ کی کوپن ہیگن کانفرنس میں شرکت کا اعلان بھی کیا ہے۔ کوپن ہیگن کانفرنس کے میزبان ملک، ڈنمارک کے وزیر اعظم لارس راسموسن نے اپنے چینی ہم منصب کے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ انہوں نے اس حوالے سے بیجنگ کے طرز عمل کو تعمیری قرار دیا۔

دوسری جانب واشنگٹن انتظامیہ بھی باراک اوباما کی کوپن ہیگن کانفرنس میں شرکت کا اعلان کر چکی ہے۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ صدر اوباما کانفرنس کے ابتدائی سیشن میں شریک ہوں گے۔

کوپن ہیگن کانفرنس سات سے اٹھارہ دسمبر تک منعقد ہوگی۔ اقوام متحدہ کاربن کے اخراج میں کمی کے اہداف کے ذریعے بڑھتے ہوئے درجہ حرارت پر قابو پانا چاہتی ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: شادی خان سیف