1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کاخلمن جنسی زیادتی کے مقدمے سے بری

31 مئی 2011

جرمن ٹیلی وژن کی مشہور شخصیت ژورگ کاخلمن کا مقدمہ ایک طرح سے VIP ٹرائل کی حثیت دھار چکا تھا۔ عدالت نے انہیں، ان کی گرل فرینڈ کے ساتھ جنسی زیادتی کے الزام سے انہیں بری کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/11RM0
ژورگ کاخلمن: فائل فوٹوتصویر: dapd

جرمن ٹیلی وژن پر موسم کی تفصیلات فراہم کرنے والے باون سالہ ژورگ کاخلمن کو عدالت کی جانب سے بریت حاصل ہو گئی ہے۔ اس مقدمے کا جرمن ذرائع ابلاغ میں بہت چرچا رہا۔ عدالتی چارہ جوئی کے دوران اس مقدمے کے دوران اٹھائے جانے والے سوالات کو قارئین اور ناظرین انتہائی دلجمعی اور دلچسپی سے پڑھتے اور دیکھتے تھے۔ کاخلمن کے خلاف عدالتی عمل جرمنی کے جنوب مغربی شہر من ہائم کی ایک مقامی عدالت میں مکمل ہوا۔

سوئٹزر لینڈ میں پیدا ہونے والے کاخلمن موسم کا حال سناتے سناتے ایک مقبول شخصیت کا روپ دھار چکے تھے۔ عوام اور ناقدین ان کے مداح تھے۔ اسی باعث وہ وینکوور سرمائی گیمز کی کوریج ٹیم کا حصہ بھی بنائے گئے تھے۔ وہ ARD پر انتہائی شادمانی اور موج سے موسم کا حال بیان کیا کرتے تھے۔ ان کے خلاف جنسی زیادتی کا مقدمہ گزشتہ سال دائر کیا گیا تھا۔

مقامی عدالت کے سربراہ جج مشائیل زائڈلنگ (Michael Seidling) نے بھرے ہوئے عدالتی کمرے میں فیصلہ پڑھ کر سنایا۔ جج نے اپنے فیصلے میں بیان کیا کہ استغاثہ کاخلمن پر لگائے گئے الزامات ثابت کرنے میں قطعی طور پر ناکام رہا ہے۔ جج نے عدالت میں پیش کی جانے والی شہادتوں کو بھی ناکافی قراردیا۔ بریت کے بعد عدالت نے کاخلمن کے لیے عدالتی چارہ جوئی سے قبل چار ماہ کی حراست کے حوالے سے مالی ازالے کا حکم بھی دیا ہے۔

NO FLASH Urteil im Kachelmann Prozess
کوخلمن کمرہ عدالت میں اپنے وکلاء کے ہمراہتصویر: dapd

ان پر الزام عائد کرنے والی خاتون اڑتیس سالہ ریڈیو پریزینٹر ہیں۔ اس خاتون کے ساتھ گزشتہ تیرہ سالوں سے کاخلمن کے نرم گرم تعلقات کا سلسلہ چل رہا تھا۔ عدالت میں اس خاتون نے بیان دیا تھا کہ اس کی گردن پر تین انچ لمبے پھل والا چاقو رکھ کر کاخلمن نے اس کے ساتھ مبینہ زیادتی کا ارتکاب کیا تھا۔ یہ عمل کاخلمن کی اسی گرل فرینڈ کے گھر پر وقوع پذیر ہوا تھا۔ اس بیان پر استغاثہ کی جانب سے کمزور دلائل پیش کیے گئے اور انجام کار وہ اصل جرم ثابت کرنے میں ناکام رہا۔

دوسری جانب اس مقدمے کی کوریج اور تفصیلات کے بعد کاخلمن کا ٹی وی کیرئیر تقریباً ایک بند گلی میں داخل ہو چکا ہے۔ اس دوران ان کے کئی اور خواتین کے ساتھ ڈھکے چھپے تعلقات کی داستانیں بھی ذرائع ابلاغ کی زینت بنتی رہی ہیں۔

وہ سن 2002 سے جرمن ٹیلی وژن چینل ARD پر موسم کا حال ناظرین کے لیے پیش کیا کرتے تھے۔ ان کی شہرت اس وقت بلند مقام پر پہنچ گئی تھی جب ٹی وی براڈ کاسٹ کے دوران ایک خاکستری رنگت والی گھریلو بلی سیٹ پر پہنچ گئی تو کاخلمن بغیر نروس ہوئے اس کو اٹھا کر موسم کی تفصیلات بیان کرتے رہے۔ یو ٹیوب پر ان کی اس ویڈیو کو گیارہ لاکھ افراد نے دیکھا تھا۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں