1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کابینہ ماؤنٹ ٹیمپل کا دورہ نہ کرے، نیتن یاہو

عدنان اسحاق8 اکتوبر 2015

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے اراکین پارلیمان اور وزراء کی یروشلم کے حساس مذہبی مقام ٹیمپل ماؤنٹ کے دورے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ ان کے مطابق اعلیٰ عہدوں پر فائز افراد کے دورے حالات میں کشیدگی کا باعث بن سکتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1Gket
تصویر: picture-alliance/dpa

اسرائیلی حکومت کے ایک نمائندے کے مطابق وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے یہ بیان گزشتہ کئی ہفتوں سے جاری کشیدہ صورتحال کے تناظر میں دیا۔ تاہم نیتن یاہو کی جانب سے حالات کو پرامن کرنے کی کوششیں حکومت میں شامل کٹر یہودیوں سے ٹکراؤ کا باعث بھی بن سکتی ہیں۔ سخت ترین موقف کے حامل یہودیوں کا موقف ہے کہ نیتن یاہو کو اس بدامنی کے خاتمے کے لیے انتہائی سخت اقدامات کرنے چاہیں اور ساتھ ہی یہ حلقے یہودی بستیوں میں توسیع کا بھی مطالبہ کر رہے ہیں۔

تاہم نیتن یاہو ایک جانب امریکی انتظامیہ کو ناراض کرنا بھی نہیں چاہتے تاہم دوسری طرف تازہ صورتحال میں اگر وہ مزید سخت اقدامات اٹھاتے ہیں تو حالات مزید بگڑ سکتے ہیں اور تصادم مزید ہلاکتوں کا باعث بھی بن سکتا ہے۔

یہودیوں کے لیے مقدس ترین مقام ماؤنٹ ٹیمپل اور اسلام کا تیسرا مقدس ترین مقام مسجد الاقصی یہودیوں اور مسلمانوں دونوں کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ زیادہ تر فلسطینوں کا موقف ہےکہ اسرائیل اس مذہبی مقام پر اپنی موجودگی اور اثر و رسوخ بڑھانا چاہتا ہے جب کہ یروشلم حکام اس الزام کو بے بنیاد قرار دے رہے ہیں۔ ماؤنٹ ٹیمپل کے حوالے سے فریقین طویل عرصے سے ایک معاہدے پر عمل کرتے آ رہے ہیں۔ اس کے تحت اس مقام کا انتظام مسلمانوں کے پاس ہے اور یہودی دن میں صرف چند گھنٹوں کے لیے یہاں آ سکتے ہیں لیکن عبادت نہیں کر سکتے۔

Israel Al Aqsa Moschee und Felsendom in Jerusalem
تصویر: picture alliance/CPA Media

ایک اسرائیلی اہلکار نے نام خفیہ رکھنے کی شرط پر بتایا کہ نیتن یاہو نے یہ پابندی عائد کرنے کا مقصد حالات کو مزید بگڑنے سے روکنا ہے کیونکہ انہیں خدشہ ہے کہ کسی اعلیٰ اہلکار کا اس مقام کا دورہ تشدد میں اضافے کا باعث بھی بن سکتا ہے۔ 2000ء میں اس وقت کی حزب اختلاف کے رہنما آرئیل شیرون نے ماؤنٹ ٹیمپل کا دورہ کیا تھا اور اس کے تھوڑے ہی عرصے بعد فلسطینیوں کی دوسری انتفادہ تحریک (بغاوت) شروع ہوئی تھی۔

تاہم نیتن یاہو کے اس حکم نامے کے رد عمل میں کابینہ کے رکن اوری آریئیل نے آج جمعرات کے روز کہا کہ وہ اس معاملے پر بینجمن نیتن یاہو سے براہ راست بات کریں گے۔ اسی طرح دو اراکین پارلیمان نے جمعے کے روز ماؤنٹ ٹیمپل کا دورہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔