1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کئی برس بعد پاکستان میں ایک ساتھ ماہ رمضان کا آغاز

بینش جاوید7 جون 2016

پاکستان میں آج سے مسلمانوں کے مقدس مہینے رمضان کا آغاز ہو گیا ہے۔ گزشتہ کئی برسوں کے بعد پاکستان میں کراچی سے خیبر تک ماہ رمضان کا آغاز ایک ہی دن ہوا ہے۔

https://p.dw.com/p/1J1mK
Palästina, Ramadan beginnt in Nablus
تصویر: DW/A. Juma

گزشتہ شب پاکستان کی مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے ماہ رمضان کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا تھا۔ اس موقع پر نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیرمین مفتی منیب الرحمان نے کہا، ’’ پاکستان کے مختلف علاقوں میں چاند نظر آیا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ کمیٹی کو ملک بھر سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔

ملک بھر میں ایک ہی دن ماہ رمضان کے آغاز کو خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے۔ ماضی میں پشاور میں قائم غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مفتی پوپلزئی ماہ رمضان کے آغاز کا اعلان باقی ملک میں رمضان شروع ہونے سے ایک دن قبل یا بعد میں کرتے تھے۔

اس حوالے سے مفتی منیب نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ وہ حکومت اور چاند دیکھنے کے لیے علاقائی رویت ہلال کمیٹیوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں کیوں کہ ان کی کاوشوں کے باعث ملک بھر میں ایک ہی دن ماہ رمضان کا آغاز ہوا ہے۔ مفتی منیب الرحمان نے کہا،’’ مفتی شہاب الدین پوپلزئی پاکستان میں ایک ہی دن ماہ رمضان کے آغاز پر متفق ہیں، ہم ان کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔‘‘

گزشتہ شب چاند نظر آنے کا اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی، محکمہ موسمیات، اور علاقائی رویت ہلال کمیٹیوں کے مابین ملاقات کے بعد کیا گیا تھا۔