1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ڈیوڈ ہیڈلی کو وعدہ معاف گواہ بنانا درست عمل تھا، امریکی حکام

10 جون 2011

استغاثہ کے ایک اعلیٰ امریکی عہدیدار نے کہا ہے کہ ممبئی دہشت گردانہ حملوں میں ملوث ڈیوڈ ہیڈلی سے ایک معاہدے کے بعد ملنے والی خفیہ معلومات سے ممکنہ دہشت گردی کے واقعات سے بچنے اور انسانی زندگیاں بچانے میں مدد ملی ہے۔

https://p.dw.com/p/11YCq
تصویر: AP

اکتوبر 2009 میں شکاگو ایئرپورٹ سے گرفتار کیے جانے والے ڈیوڈ کولمین ہیڈلی کو وعدہ معاف گواہ بنائے جانے پر بھارت کی طرف سے امریکہ پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔ بھارتی حکام کے مطابق ڈیوڈ ہیڈلی نے اپنی مغربی شکل وشباہت اور امریکی پاسپورٹ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ممبئی حملوں سے قبل وہاں جاکر ان حملوں کی منصوبہ بندی کے لیے ضروری معلومات حاصل کی تھیں۔

ڈیوڈ ہیڈلی کے ساتھ وعدہ معاف گواہ بننے کا معاملہ طے کرنے والے امریکی اٹارنی پیٹرک فٹزگیرالڈ Patrick Fitzgeraldکا کہنا ہے کہ یہ کوئی گھاٹے کا سودا نہیں تھا کہ ہیڈلی کو نہ صرف سزائےموت نہ دینے بلکہ اسے بھارت، پاکستان یا ڈنمارک کے حوالے نہ کیے جانے کا معاہدہ کرلیا جاتا۔

شکاگو کے ایک بزنس مین تہور حسین رانا کو دہشت گردی کے دو الزامات میں قصور وار قرار دیا گیا ہے
شکاگو کے ایک بزنس مین تہور حسین رانا کو دہشت گردی کے دو الزامات میں قصور وار قرار دیا گیا ہےتصویر: picture-alliance/dpa

فٹزجیرالڈ کے مطابق: ’’ ایسا کرنا ہماری مجبوری تھی کیونکہ یہ انتہائی ضروری ہے کہ ہم زندگیاں بچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں۔‘‘ امریکی اٹارنی کا مزید کہنا تھا: ’’ یہ ہمارا دیوانہ پن ہوتا اگر ہم یہ کہتے کہ اس معاملے کا تعلق صرف ہیڈلی سے ہے اور ہم صرف اسے جیل بھیجنا چاہتے ہیں اور اس کے بعد ہم سکون سے بیٹھ جاتے اور دہشت گردانہ حملے ہونے دیتے۔‘‘

فٹزجیرالڈ کے مطابق ہیڈلی نے اپنی جان بچانے کے لیے دو پاکستانی دہشت گرد گروپوں کے ساتھ اپنے تعلقات کے حوالے سے اہم معلومات فراہم کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان معلومات کے مطابق بھارت اور ڈنمارک میں دہشت گردی کے لیے 34 اہداف کا پتہ چلا ہے۔ اس کے علاوہ القاعدہ سے منسلک الیاس کشمیری جیسے اہم عسکریت پسندوں اور ان کے کام کرنے کے طریقہ کار کے بارے میں بنیادی معلومات حاصل ہوئی۔

فٹزجیرالڈ ایک عدالت کی طرف سے شکاگو کے ایک بزنس مین تہور حسین رانا کو دہشت گردی کے دو الزامات میں قصور وار قرار دیے جانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ رانا کے خلاف مقدمے میں ہیڈلی نے استغاثہ کی مدد کی ہے۔

رپورٹ: افسر اعوان

ادارت: کِشور مُصطفٰی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں