1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چینی وزیر اعظم کی پاکستانی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں

18 دسمبر 2010

پاکستان اور چین آئندہ پانچ سالوں میں اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دے کر باہمی تجارتی حجم کو 25 ارب ڈالر تک لائیں گے اور مختلف شعبوں میں تجارتی معاہدے کئے جائیں گے، یہ اتفاق رائے پاک چین بزنس کوآپریشن کانفرنس میں کیا گیا۔

https://p.dw.com/p/QfV7
تصویر: picture alliance/dpa

پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے چین کے وزیراعظم وین جیا باؤ نے ہفتے کو اسلام آباد میں ایک مصروف دن گزارا۔ چینی وزیراعظم کو وزیراعظم سیکریٹریٹ میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ (این ڈی ایم اے ) کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) ندیم احمد نے پاکستان میں سیلاب کے نقصانات اور متاثرین سیلاب کی بحالی اور تعمیر نو کے حوالے سے بریفنگ دی۔

چینی وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے بیس کروڑ ڈالر امداد کا اعلان کیا۔ بعد ازاں چینی وزیراعظم اپنے پاکستانی ہم منصب یوسف رضا گیلانی کے ہمراہ اسلام آباد تعمیر ہونے والے پاک چائنہ فرینڈشپ سینٹر کا افتتاح کیا۔ یہ سینٹر تین ارب روپے لاگت سے پانچ سال کے عرصے میں مکمل کر لیا جائے گا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وین جیا باؤ کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی سمندر کی طرح گہری ہے اور اس دوستی کی جڑیں دونوں ممالک کے عوام میں ہیں۔

China Pakistan Wen Jiabao
چینی وزیر اعظم کو پاکستان میں شاندار طریقے سے خوش آمدید کہا گیاتصویر: AP

وین جیا باؤ نے کہا کہ چین کے عوام نے پاکستانی عوام کو یہ سینٹر ایک تحفے کے طور پر دیا ہے۔ چینی وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط سٹریٹجک تعلقات موجود ہیں، جو کسی صورت متاثر نہیں ہوں گے۔

وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے اپنے چینی ہم منصب کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جس میں مسلح افواج کے سربراہان ، وفاقی وزراء، صوبائی گورنرز اور وزرائے اعلیٰ سمیت اہم سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیراعظم گیلانی کا کہنا تھا کہ کہ کشمیر ایشو پر چین کی حمایت کے شکر گزار ہیں اور پاکستان تمام تنازعات میں چین کے موقف کی تائید کرتا ہے۔

وزیراعظم نے سیلاب، زلزلے اور متاثرین عطاء آباد جھیل کے لئے چین کی طرف سے امداد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اور چین اقتصادی سرگرمیوں میں باہمی ترقی دیتے ہوئے علاقائی سطح پر خوشحالی لائیں گے۔

کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں باہمی سرمایہ کاری کو بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں اور موجودہ اقتصادی بحران میں توقع ہے کہ چین بھرپور تعاون کرے گا، کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دیگر تجارتی تنظیموں اور صنعتوں کے نمائندوں نے ہر شعبے میں تعاون کو بڑھانے کے لئے کوششیں کرنے پر اتفاق کیا۔

رپورٹ: شکور رحیم ، اسلام آباد

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں