1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چیمپیئنز ٹرافی: مصباح، رام دین پر برہم

Afsar Awan8 جون 2013

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے گزشتہ روز ویسٹ انڈیز کے ساتھ میچ کے دوران مخالف ٹیم کے وکٹ کیپر دنیش رام دین کی طرف سے غلط کیچ کا مطالبہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/18m4f
تصویر: AP

مصباح الحق نے لندن کے اوول گراؤنڈ پر کھیلے جانے والے اس میچ میں اپنے کیریئر کے بہترین 96 رنز اسکور کیے اور ناقابل شکست رہے، تاہم وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔ چیمپیئنز ٹرافی کے گروپ بی کے اس میچ میں پاکستانی ٹیم ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں دو وکٹوں سے ہار گئی تھی۔

میچ میں تین وکٹیں حاصل کرنے والے ویسٹ انڈین بولر کیمر روچ کی گیند پر وکٹ کیپر دنیش رام دین نے مصباح الحق کا کیچ پکڑنے کی اپیل کی جس پر آسٹریلوی ایمپائر اسٹیو ڈیوِس نے مصباح کو آؤٹ قرار دے دیا۔ اس وقت پاکستان کا مجموعی اسکور 17 تھا جبکہ اس وقت تک اس کی تین وکٹیں گِر چکی تھیں۔

دنیش رام دین کا خیال تھا کہ اس نے ایمانداری سے گیند کو پکڑ لیا تھا، ڈیوین براوو
دنیش رام دین کا خیال تھا کہ اس نے ایمانداری سے گیند کو پکڑ لیا تھا، ڈیوین براووتصویر: AP

تاہم اسکوئر لیگ پر موجود انگلش آفیشل نیگل لونگ Nigel Llong کی طرف سے توجہ دلانے کے بعد یہ معاملہ تھرڈ ایمپائر ٹونی ہِل کو ریفر کر دیا گیا۔ مذکورہ گیند کا ری پلے دیکھنے سے اندازہ ہوا کہ رام دین نے شروع میں کیچ پکڑا ضرور تھا مگر پھر وہ اسے سنبھال نہ سکے اور وہ گیند ان کے دستانوں سے گِر گئی تھی۔ لہذا فیصلہ مصباح کے حق میں آیا اور انہیں آؤٹ دیے جانے کا فیصلہ واپس لے لیا گیا۔ اگر مصباح اس وقت آؤٹ قرار دے دیے جاتے تو پاکستان کے محض 17 اسکور پر چار وکٹیں گِر چکی ہوتیں۔

اس کے بعد مصباح نے 96 رنز کی اننگز کھیلی اور پاکستان کے ٹوٹل کو 170 رنز کے ایک مناسب ٹوٹل تک لے جانے میں کامیاب ہوئے۔

میچ کے بعد مصباح الحق کا کہنا تھا، ’’میں کیا کہہ سکتا ہوں، اسے (رام دین کو) بتانا چاہیے تھا کہ ہوا کیا ہے۔ مجھے نہیں معلوم کہ وہ اس وقت کیا سوچ رہا تھا۔‘‘ مصباح کا مزید کہنا تھا، ’’میرا نہیں خیال کے اگر میرا وکٹ کیپر ایسا کرے گا تو میں خوش ہوں گا۔ اگر آپ کو معلوم نہیں ہے کہ یہ کیچ تھا تو کوئی مسئلہ نہیں۔ لیکن اگر آپ کو معلوم ہے کہ یہ کیچ نہیں تھا تو پھر آپ کو اس کیچ کو پکڑنے کا دعویٰ نہیں کرنا چاہیے کیونکہ یہ کھیل کی روح کے خلاف ہے۔

اوپنر ناصر جمشید نے 50 رنز بنائے
اوپنر ناصر جمشید نے 50 رنز بنائےتصویر: Reuters

ویسٹ انڈین کپتان ڈیوین براوو نے رام دین کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ کیپر کو واقعی اس بات کا یقین تھا کہ اس نے کیچ کو اتنے وقت تک پکڑے رکھا تھا کہ وہ اس کی اپیل کر سکے: ’’دنیش کا خیال تھا کہ اس نے ایمانداری سے گیند کو پکڑ لیا تھا۔‘‘ براوو کا مزید کہنا تھا کہ رام دین ایک ایماندار کھلاڑی ہے اور تاریخ گواہ ہے کہ ویسٹ انڈیز نے کبھی منفی کھیل کا مظاہرہ نہیں کیا۔

قبل ازیں لندن کے اوول گراؤنڈ پر کھیلے جانے والے اس میچ میں ڈاوین براوو نے ٹاس جیت کر پاکستان کو کھیلنے کی دعوت دی۔ پاکستان کی پہلی تین وکٹیں محض 15 کے اسکور تک گر چکی تھیں۔ اوپنر ناصر جمشید نے 50 رنز بنائے جبکہ مصباح الحق 96 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کو اب سیمی فائنل مرحلے تک پہنچنے کے لیے اپنے گروپ میں شامل بھارت اور جنوبی افریقہ کو شکست دینا ہوگی۔ آج ہفتہ آٹھ جون کو گروپ اے کے میچ میں انگلینڈ اور آسٹریلیا مدمقابل ہوں گے۔

aba/as (AFP)