1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چیمپیئنز ٹرافی : آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان میچ بارش کے باعث منسوخ

29 ستمبر 2009

جنوبی افریقہ میں جاری چیمپیئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے سلسلے میں سنچوریئن کے سپر سپورٹ پارک میں آسٹریلیا ور بھارت کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا ایک اہم میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/Jsfw
بھارت کی سیمی فائنل تک رسائی کی امید فی الحال قائم ہےتصویر: AP

کھیل میں بھارتی باؤلرز نے آسٹریلیوی بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے نہ دیا تاہم اس کے باوجود آسٹریلیا نے تینتالیسویں اوور تک چار کھلاڑیوں کے نقصان پر 234 رنز بنائے تھے۔ مسلسل بارش کی وجہ سے میچ کےختم کرنے کے اعلان کے بعد دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔

اِس فیصلے کے ساتھ ہی پاکستان کی کرکٹ ٹیم اب انگلینڈ کی ٹیم کے ساتھ سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہے۔ اب دو مزید ٹیموں کا انتخاب باقی ہے۔ ایک گروپ اے سے اور دوسری گروپ بی سے۔ ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں ٹورنامنٹ سے پہلے ہی خارج ہو چکی ہیں۔ نیوزی لینڈ، سری لنکا، بھارت اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیمیں فی الحال اپنی اپنی جگہ پرامید ہیں۔

Kricket Australien England
انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے کٹتان اینڈریو سٹراستصویر: AP

منگل کو اگر انگلینڈ کی ٹیم نیوزی لینڈ کو ہرانے میں کامیاب ہو گئی تو سری لنکا سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا۔ اگر کل بدھ کے میچ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم آسٹریلیا کو شکست دینے میں کامیاب ہوجاتی ہے تو پھر بھارتی کرکٹ ٹیم کے پاس ایک چانس ہے کہ وہ ویسٹ انڈیز کو ایک بڑے فرق سے ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچ سکتی ہے۔ اِس صورت میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا ٹورنامنٹ سے خارج ہو جائے گا۔ اگر آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم پاکستان کو شکست سے دوچار کردیتی ہے تو پھر بھارتی ٹیم یقینی طور پر جنوبی افریقہ کی طرح ٹورنامنٹ سے خارج ہو جائے گی کیونکہ گروپ اے میں آسٹریلیا گروپ لیڈر اور پاکستان دوسرے مقام پر ہو گا۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف انتہائی اہم میچ سے قبل ایک نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ بلیک کیپس کے ہونہار تیز باؤلر ڈیرل ٹفی ہاتھ میں فریکچر کے باعث ٹورنامنٹ میں شرکت کے قابل نہیں رہے ہیں۔ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ آج منگل کو کھیلا جانے والا ہے۔ نیوزی لینڈ کے زور دار کھیل پیش کرنے والے بلے باز جیسی رائیڈر پہلے ہی منگل کے میچ سے باہر ہیں۔ اُن کی جگہ ایرن ریڈمنڈ جنوبی افریقہ پہنچ گئے ہیں۔

رپورٹ : عابد حسین

ادارت : عاطف توقیر