1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چیلسی کلنٹن کی شادی بخیر و خوبی انجام پا گئی

1 اگست 2010

امریکی نشریاتی ادارے CNN نے خبر دی ہے کہ ہفتے کی شام نیویارک سے شمالی کی جانب رائن بیک کے مقام پر سابق صدر بل کلنٹن اور موجودہ امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن کی بیٹی چیلسی کی بینکار مارک میزونسکی کے ساتھ شادی ہو گئی۔

https://p.dw.com/p/OZB7
چیلسی کلنٹناور ان کا شوہرتصویر: AP

چیلسی کے والدین نے اپنے ایک بیان میں اِسے شادی کی ایک شاندار اور خوبصورت تقریب قرار دیا ہے۔ بیان کے مطابق ’آج ہم نے انتہائی فخر اور بھرپور جزبے کے ساتھ وہ منظر دیکھا، جب چیلسی اور مارک نے اَیسٹر کورٹس میں ہونے والی ایک خوبصورت تقریب میں، جس میں اُن کے اہلِ خانہ اور قریبی دوست موجود تھے، شادی کر لی‘۔ مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔

یہ تقریب دریائے ہڈسن کی وادی میں واقع اِس چھوٹے سے گاؤں میں، جو نیویارک سے ایک سو ساٹھ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے، سخت حفاظتی انتظامات کے ساتھ اور کیمروں کی چکا چوند سے دور انجام پائی۔ بہت سی سڑکوں اور نواحی علاقوں کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا تھا جبکہ فضائی حدود بھی طیاروں یا ہیلی کاپٹروں کے لئے بند کر دی گئی تھیں۔

Hochzeit von Chelsea Clinton und Marc Mezvinsky Flash-Galerie
چیلسی کلنٹن کے والدین اور شوہرتصویر: AP

شادی کی اِس تقریب پر اٹھنے ولے اخراجات کے حوالے سے مختلف طرح کی قیاس آرائیاں جاری ہیں۔ کچھ حلقوں کا کہنا ہے کہ اِس تقریب پر کئی ملین ڈالر خرچ کئے گئے ہیں جبکہ سابق صدر کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ اِس شادی پر ’ایک ملین ڈالر سے بھی کم‘ لاگت آئی ہے۔ کچھ حلقوں کے مطابق شادی کی اِس تقریب میں مدعو کئے گئے مہمانوں کی تعداد چار سے لے کر پانچ سو تک تھی، جن میں ایک اہم شخصیت یعنی امریکی صدر باراک اوباما شامل نہیں تھی۔ تاہم اوباما نے ازراہِ مذاق یہ کہا کہ اِس تقریب میں ایک ہی صدر کی موجودگی کافی تھی، کجا کہ وہاں دو صدر موجود ہوتے۔

تیس سالہ چیلسی، بل اور ہلیری کلنٹن کی واحد اولاد ہیں جبکہ اُن کے بتیس سالہ دولہا کے ماں باپ کا تعلق بھی سیاست ہی سے ہے۔ چیلسی اور مارک نے گزشتہ سال کے آخر میں اپنی منگنی کا اعلان کیا تھا۔ دونوں نیویارک میں رہتے ہیں۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: عابد حسین