1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چيمپيئنز ليگ: بائرن ميونخ سيمی فائنل سے بہت قريب

29 مارچ 2012

بدھ کو کھيلے جانے والے کواٹر فائنل مقابلوں کے پہلے مرحلے ميں بائرن ميونخ کی ٹيم مارسے کے خلاف دو، صفر سے فاتح رہی جبکہ بارسلونا اور اے سی ملان کے مابين ميچ بغير کسی گول کے برابر رہا۔

https://p.dw.com/p/14UF2
تصویر: dapd

جرمن فٹبال کلب بائرن ميونخ اور چيمپيئنز ليگ کے سيمی فائنل کے درميان اب زيادہ فاصلہ نہيں رہا۔ بدھ کو فرانسيسی ٹيم مارسے کے خلاف کھيلے جانے والے کواٹر فائنل مقابلوں کے پہلے مرحلے ميں جرمن ٹيم نے ميزبان ٹيم کو دو کے مقابلے ميں صفر گول سے شکست دی۔ بائرن ميونخ کی جانب سے ماريو گومز اور آرن روبن نے ايک ايک گول اسکور کيا۔ اگرچہ مارسے ميں فتح کے بعد جرمن ٹيم ايک قدم سيمی فائنل مقابلوں ميں جمائے بيٹھی ہے، ٹيم کے کوچ Jupp Heynckes ابھی اگلے ہفتے ميونخ ميں ہونے والے دوسرے ميچ کے بارے میں محتاط خوش امیدی رکھتے ہيں۔ ان کے بقول ابھی 90 منٹ کا کھيل باقی ہے اور اس کے بعد ہی سيمی فائنل کی بات کرنی چاہيے۔ جرمن کلب کے کوچ نے مزيد کہا، ’مجھے اپنی ٹيم کی کارکردگی پر کوئی شک و شبہ نہيں ہے، ميں صرف مخالف ٹيم کو نظر انداز نہيں کرتا۔ مجھے اس کھيل کا بہت تجربہ ہے اور ميں يہ جانتا ہوں کہ چيمپيئنز ليگ کے ميچوں کا فيصلہ دو مرحلوں ميں ہوتا ہے‘۔

دوسری جانب دفاعی چيمپيئن ہسپانوی کلب بارسلونا کے کوچ Pep Guardiola نے کہا ہے کہ ان کی ٹيم کو چيمپيئنز ليگ کے سيمی فائنل تک پہنچنے کے ليے اپنی حريف ٹيم کے خلاف گول اسکور کرنے پڑيں گے۔ انہوں نے يہ بيان بارسلونا کے اے سی ملان کے خلاف ميچ کے فيصلے کے بعد ديا جب ان کی ٹيم سين سيرو ميں کوئی گول اسکور نہيں کر پائی۔ اٹلی ميں کھيلا جانے والا کواٹر فائنل ميچ برابر رہا چونکہ دونوں ٹيميں ميچ کے دوران گول اسکور نہيں کر پائيں۔

بارسلونا اور اے سی ملان کے مابين ميچ بغير کسی گول کے برابر رہا
بارسلونا اور اے سی ملان کے مابين ميچ بغير کسی گول کے برابر رہاتصویر: Reuters

واضح رہے کہ منگل کو پرتگال کے شہر لزبن ميں کھيلے جانے والے ميچ ميں چيلسی نے بينفيکا کو ايک کے مقابلے ميں صفر گول سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے کواٹر فائنل مقابلے ميں اسپين سے تعلق رکھنے والی ريئل ميڈرڈ کی ٹيم بھی APOEL Nicosia کے خلاف تين، صفر سے فاتح رہی۔

اگلے ہفتے ان ٹيموں کے مابين کواٹر فائنل مقابلوں کے دوسرے اور فيصلہ کن ميچ کھيلے جائيں گے جس کے بعد ہی يہ واضح ہوگا کہ سيمی فائنل کے ليے يورپ کی کن چار ٹيموں نے کواليفائی کيا ہے۔ اس سال چيمپئنز ليگ کا فائنل جرمنی کے شہر ميونخ ميں Allianz Arena میں انيس مئی کو کھيلا جائے گا۔

رپورٹ: عاصم سليم

ادارت: کشور مصطفی