1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پیراگوائے سلوواکیہ کو ہرا کر اگلے مرحلے کی طرف گامزن

20 جون 2010

فیفا ورلڈ کپ کے ایک میچ میں جنوبی امریکہ کے ملک پیراگوائے نے سلوواکیہ کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے ہرا دیا۔ اِس طرح پیراگوائے اپنے چار پوائنٹس کے ساتھ گروپ ایف میں پہلی پوزیشن پر چلا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/Ny0e
تصویر: AP

اتوار کے میچ میں کامیابی کے ساتھ پیراگوائے کے ورلڈ کپ کے دوسرے مرحلے میں پہنچنے کے امکانات بے حد روشن ہو گئے ہیں۔ فری سٹیٹ سٹیڈیم میں پیراگوائے کی جانب سے پہلا گول ستائیس ویں منٹ میں اَینریکے ویرا نے کیا۔ دوسرا گول کرسٹیان ریویروس نے کھیل ختم ہونے سے چار منٹ پہلے کیا۔

اگرچہ سلوواکیہ کی ٹیم بھی خطرناک حملے کرتی رہی لیکن مجموعی طور پر پیراگوائے کا پلہ بھاری رہا۔ سلوواکیہ کا اب تک ایک ہی پوائنٹ ہے۔ اِس گروپ کی دیگر دو ٹیموں یعنی عالمی چیمپئن اٹلی اور نیوزی لینڈ کا بھی اب تک ایک ایک پوائنٹ ہے اور یہ دونوں ٹیمیں اتوار کی سہ پہر ایک دوسرے کا سامنا کر رہی ہیں۔ پیراگوائے کا اگلا میچ آئندہ جمعرات کو نیوزی لینڈ کے ساتھ ہے۔

اب تک جنوبی امریکہ سے آئی ہوئی ٹیموں نے جنوبی افریقہ میں مجموعی طور پر سات میچ کھیلے ہیں، اُن میں سے پانچ جیتے ہیں جبکہ دو میچ برابر رہے ہیں۔

آج فیفا ورلڈ کپ کا دَسواں دن ہے۔ آج کے تیسرے اور آخری میچ میں، جو جوہانسبرگ کے سوکر سٹی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، گروپ جی کی ٹیمیں برازیل اور آئیوری کوسٹ ایک دوسرے کا سامنا کریں گی۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں