1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پولینڈ کے صدر کی جائے تدفین تنازعہ بن گئی

15 اپریل 2010

پولینڈ میں صدر لیخ کاچنسکی کی تدفین کے لئے جگہ کے انتخاب کا تنازعہ طول پکڑتا جا رہا ہے۔ وارسا میں بدھ کو دوسرے روز بھی ہزاروں افراد نے کاچنسکی اور ان کی اہلیہ کی کراکو کے کیتھیڈرل میں تدفین کے خلاف مظاہرہ کیا۔

https://p.dw.com/p/MwUh
کاچنسکی اور ان کی اہلیہ کے جسد خاکیتصویر: picture-alliance/dpa
Lech Kaczynski mit Ehefrau Maria
پولینڈ کے صدر کاچنسکی اور ان کی اہلیہتصویر: AP

بدھ کو دارالحکومت وارسا کے وسطی علاقے، کراکو اور بندرگاہی شہر گدانسک میں بھی مظاہرے ہوئے۔ یہ مظاہرے ایسے وقت جاری ہے، جب پولینڈ کے عوام کی بڑی تعداد اپنے صدر کی حادثاتی موت پر سوگواری تقریبات میں شرکت کر رہی ہے۔ ان کا جسدخاکی آخری دیدار کے لئے صدارتی محل میں رکھا گیا ہے۔

وارسا کے مظاہرے میں شریک ایک شخص نے خبررساں ادارے AFP سے باتیں کرتے ہوئے کہا، ’میں یہاں اس لئے آیا ہوں کیونکہ واویل ایک قدیم قبرستان ہے، یہ پولش بادشاہوں کے لئے ہے، مسکیاوچ اور سلوواسکی جیسے شاعروں کی آخری آرام گاہ ہے، جو 19ویں صدی کی عظیم ہستیاں ہیں۔‘

پولش حکام کا کہنا ہے کہ کاچنسکی کی جائے تدفین کا انتخاب ان کے خاندان کے افراد نے کیا ہے۔

واویل کیتھیڈرل میں پولینڈ کے قدیم بادشاہوں اور تاریخی شخصیات کی آخری آرام گاہیں ہیں، اور پولش عوام کا ایک حلقہ کاچنسکی اور ان کی اہلیہ کی وہاں تدفین کے خلاف ہے۔ اس حوالے سے ایک سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ پر بھی ایک گروپ تشکیل دیا جا چکا ہے، جس کی حمایت کرنے والوں کی تعداد 38 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

پولینڈ کے صدر گزشتہ ہفتہ کو روس میں طیارے کے ایک حادثے میں ہلاک ہو گئے تھے۔ اس حادثے میں 90 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔ اس حادثے میں ہلاک ہونے والے مزید 30 افراد کی لاشیں بدھ کو ماسکو سے پولینڈ پہنچائی گئی ہیں۔

کاچنسکی کی آخری رسومات اتوار 18 اپریل کو ادا کی جائیں گی، جس میں شرکت کے لئے امریکی صدر باراک اوباما، ان کے روسی ہم منصب دیمتری میدویدف اور برطانوی شہزادہ چارلس بھی پولینڈ پہنچ رہے ہیں۔

خیال رہے کہ کاچنسکی پولینڈ کے ایک قوم پرست رہنما اور کٹرکیتھولک تھے۔ وہ 2005ء سے عہدہ صدارت پر فائز تھے۔ ان کے ہم شکل جڑواں بھائی Jaroslawپولینڈ کی قدامت پرست اپوزیشن کے رہنما اور سابق وزیر اعظم ہیں۔

Prinz Charles wird 60
شہزادہ چارلس کاچنسکی کی آخری رسومات کی تقریب میں شریک ہوں گےتصویر: picture-alliance / dpa

اُدھر پارلیمانی حکام نے کہا ہے کہ نئے صدر کے لئے انتخابات 13یا 20جون کو کرائے جائیں گے۔ تاہم حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ پولنگ کی حتمی تاریخ کا اعلان 21 اپریل سے پہلے نہیں کیا جا سکتا۔

پولینڈ کے آئین کے مطابق صدر کی موت کے دو ہفتے کے اندر اندر انتخابات کا اعلان ضروری ہے جبکہ اس کے بعد دو ماہ میں پولنگ کرائی جانی چاہئے۔

رپورٹ : ندیم گِل

ادارت : عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں