1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پورشےاور فوکس واگن کا انضمام قریب تر، نئے سربراہ کی تقرّری

رپورٹ: شامل شمس ، ادارت: امجد علی23 جولائی 2009

جرمن کار ساز ادارے پورشے کے سربراہ وینڈیلن ویڈیکنگ اپنے عہدے سے دست بردار ہوگئے اور ان کی جگہ اب میشائل ماخٹ لیں گے۔ دریں اثناء پورشے اور فوکس واگن کا انضمام قریب تر ہوتا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/Ivxv
پورشے کے سابق سربراہ ویڈیکنگ ’بائیں طرف‘ اور نئے سربراہ میشائل ماخٹتصویر: picture alliance / dpa
Symbolbild - Porsche will bei VW einsteigen
پورشے اور فوکس واگن کا انضمام قریب ترتصویر: dpa - Bildfunk


وینڈیلن ویڈیکنگ نے سولہ برسوں تک پورشے کے سربراہ کی حیثیت سے کام کیا اور ادارے کی خود مختاری اور اُس کے علٰیحدہ تشخّص کے علم بردار رہے۔ ان کی جگہ اب اڑتالیس سالہ میشائل ماخٹ لیں گے، جو کہ دس برسوں سے پورشے کے پروڈکشن چیف کی حیثیت سے کام کرتے رہے ہیں۔ ماخٹ، وینڈیلن ویڈیکنگ کے دستِ راست کی حیثیت سے کام کرتے رہے ہیں اور ادارے کو درپیش مالی بحران کے وقت ان کے کردار کی تعریف کی جاتی رہی ہے۔

بعض خبروں کے مطابق پورشے کے سابق چیف ایگزیکٹو وینڈیلن ویڈیکنگ کی رخصتی پر ان کو ادارہ پچاس ملین یوروز کی رقم دے گا، جس کا نصف پورشے کے ملازمین اور معمر صحافیوں کی فلاح کے لیے بنائے گئے ادارے کو دیا جائے گا۔ تاہم پورشے کے ترجمان نے خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے ان خبروں کو بے بنیاد اور غلط قرار دیا ہے۔

ادارے کے نگران بورڈ نے گذشتہ شب اپنے طویل اجلاس میں ادارے کے ذمے واجب الادا بھاری قرضوں میں کمی کے لئے اِس کے بنیادی سرمایے میں پانچ ارب یورو کے اضافے اور خلیجی عرب ریاست قطر کے ایک سرمایہ کاری فنڈ کو پانچ ارب ڈالر مالیت کے حصص کی فروخت کا بھی فیصلہ کیا۔ اب یہ بات بھی یقینی تصور کی جا رہی ہے کہ موٹر ساز ادارہ فوکس واگن بتدریج پورشے کو اپنی تحویل میں لے لے گا۔

Porsche Museum Stuttgart
پورشے شدید مالی مشکلات کا شکار ہےتصویر: AP

عالمی مالیاتی بحران کی وجہ سے دنیا بھر میں کار ساز اداروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ پورشے بھی ان میں سے ایک ہے۔ مالیاتی خسارے کو پوار کرنے کے لیے پورشے اور ایک اور جرمن کار ساز ادارے فوکس واگن کا انضمام تقریباً طے ہو چکا ہے۔ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب اس بات کا اعلان بھی کیا جا چکا ہے۔ ایسا اس صورت میں ممکن ہوا، جب جب وینڈیلن ویڈیکنگ اور پورشے کے فائنانشل ڈائریکٹر ہولگر ہیئرٹر اپنے عہدوں سے مستعفی ہو گئے۔ واضح رہے کہ فوکس واگن کے بورڈ چیئرمین فیرڈینانڈ پیش اور وینڈیلن ویڈیکنگ کے درمیان تعلقات ماضی میں خاصے کشیدہ رہے ہیں۔ وینڈیلن ویڈیکنگ کے مستعفی ہونے کے بعد اب پورشے اور فوکس واگن کے درمیان انضمام ممکن ہو چکا ہے۔ اِس انضمام کی صورت میں فیرڈینانڈ پیش پورشے کو اپنے تصورات کے مطابق فوکس واگن کے دسویں برانڈ کے طور پر پیش کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ Piech پورشے کے بانی فیرڈینانڈ پورشے کے پوتے ہیں اور اُنہوں نے ہی فوکس واگن کی مشہور ’بیٹل‘ گاڑی کا ڈیزائن تخلیق کیا تھا۔

جمعرات کے روز اشٹوٹ گارٹ میں ہو رہے فوکس واگن کے بورڈ کے اجلاس میں بعض معاملات ایسے ہیں، جو ابھی حل طلب ہیں۔ پہلا یہ کہ کیا قطر کی کمپنی پورشے اور فوکس واگن کے ان حصّوں میں سرمایہ کاری کرے گی، جو کہ پورشے کی مشترکہ ملکیت ہیں یا پھر وہ ان دونوں اداروں کے انضمام کے بعد سامنے آنے والے ادارے میں سرمایہ کاری کرے گی۔

دوسرا پورشے کو اس بات کا فیصلہ کرنا ہے کہ آیا فوکس واگن کو پورشے کی کارساز سرگرمیوں کا نصف ابھی خریدنے اور بقیہ نصف بعد میں خریدنے کی اجازت دی جائے۔ اس حوالے سے جرمن صوبے لوئر سیکسنی کا بھی ایک کردار ہے، جس کے پاس فوکس واگن کے بیس فیصد حصص ہیں اور جو اب تک پورشے اور فوکس واگن کے انضمام کے درمیان حائل رہی ہے۔