1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاک بھارت کشیدگی میں کمی کے لئے امریکی کوششیں

خبر رساں ادارے23 دسمبر 2008

امریکی افواج کے سربراہ ایڈمرل مائیکل مولن نے پاکستان اور بھارت پر زور دیا ہے کہ دونوں ملک باہمی کشیدگی میں کمی کی کوشش کریں۔

https://p.dw.com/p/GLwy
ممبئی حملوں کے بعد گزشتہ ایک ماہ میں ایڈمرل مولن دوسری بار پاکستان گئے ہیں۔تصویر: picture-alliance/ dpa

ایڈمرل مولن نے کہا کہ ممبئی میں ہونے والے دہشت گردانہ واقعات پاکستان کے لئے بھارت کے ساتھ مل کر کام کرنے کا سنہری موقع ہیں۔

ممبئی حملوں کے بعد گزشتہ ایک ماہ میں ایڈمرل مولن دوسری بار پاکستان آئے ہیں۔ امریکی چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف نے اسلام آباد میں پاکستان آرمی کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی اور خفیہ ایجنسی ISI کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل احمد شجاع پاشا سے ملاقاتیں کیں۔

Neue Versionen des amerikanischen Kampfflugzeuges F-16 sollen an Pakistan gelifert werden
منگل کے روز مسلسل دوسرے روز‍ بھی پاکستانی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں کا ملکی فضائی حدود فضائی گشت جاری رہاتصویر: AP

اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے سے جاری کئے گئے بیان مین بتایا گیا کہ ان ملاقاتوں میں امریکی ایڈمرل نے پاکستانی رہنماؤں کی اس وجہ سے بھی تعریف کی کہ انہوں نے اس موقع پر بھارت کے ساتھ مل کر دہشت گردوں کے خلاف مشترکہ تحقیقات کی پیشکش کی۔

ممبئی حملوں کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان گزشتہ تقریبا پانچ سال سے جاری قیام امن کا عمل بری طرح متاثر ہوا ہے۔

دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث دونوں جانب نے اپنی اپنی فضائیہ کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔ بھارتی لڑاکا طیاروں کی پنجاب اور راجستھان سمیت پاکستان سے ملحقہ سرحدی علاقوں میں پروازوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ادھر منگل کے روز مسلسل دوسرے روز‍ بھی پاکستانی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں کا ملکی فضائی حدود فضائی گشت جاری رہا اور طیاروں نے ملک کے مختلف شہروں کے اوپر پروازیں کیں۔

Die Freude an der eigenen Kraft
دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث دونوں جانب نے اپنی اپنی فضائیہ کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔تصویر: AP

ان حالات میں پاک بھارت کشیدگی میں کمی کے لئے امریکی سفارتی کوششوں میں بھی تیزی آگئی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ایک ترجمان نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے لئے ضروری ہے کہ وہ مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے بڑھتی ہوئی کشیدگی میں کمی اور دوطرفہ اختلافات دور کرنے کی کوششیں کریں۔ ترجمان نے کہا کہ ممبئی میں ہونے والی دہشت گردی میں امریکی شہری بھی مارے گئے تھے جس پر ان واقعات کے بعد کے حالات کے حوالے سے امریکہ کے بھی اپنے تحفظات ہیں ۔انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان پر زور دیتا رہا ہے کہ وہ دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی کرے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لا کھڑا کرے۔