1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان: ہوائی سفر کے دوران ماسک لگانا دوبارہ لازمی قرار

27 جون 2022

پاکستان میں کورونا وبا کے کیسز میں ایک بار پھر اضافہ ہونے کے سبب ہوائی سفر کے دوران ماسک لگانے کی پابندی دوبارہ عائد کر دی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/4DJTt
Eine Maschine der Pakistan International Airlines
تصویر: picture-alliance/epa/A. Soomro

پاکستان ایوی ایشن ریگولیشن اتھارٹی کی جانب سے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر ایک بار پھر تمام قومی پروازوں پر سفر کرتے ہوئے ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔

یہ فیصلہ پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں کورونا انفیکشنز کی بڑھتی ہوئی شرح کے باعث کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق کراچی میں کووڈ انیس کے کیے گئے تمام ٹیسٹوں میں سے مثبت کیسز کی شرح ایک دن میں 21 فیصد تک بڑھ گئی، جس کے بعد سی اے اے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں دوبارہ ماسک لگائے جانے کی پابندی کے احکامات جاری کیے گئے۔ 

کورونا کی وبا سے پاکستانی طلبہ بُری طرح متاثر

پاکستان میں گزشتہ چند ماہ میں کووڈ کیسز کی شرح انتہائی کم رہی، جس کی وجہ سے کورونا وبا کے دوران لگائی گئی تمام پابندیاں بھی ہٹا دی گئی تھیں۔ تاہم پاکستان نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کی جانب سے آج پیر کے روز جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کووڈ  انیس کے 382 مثبت کیسز اور دو اموات کے ساتھ وبا سے متاثرہ افراد کا تناسب بڑھ کر 2.85 فیصد ہو گیا ہے۔

پاکستان میں ایک ماہ پہلے کورونا انفیکشنز سے متاثرہ افراد کی تعداد 79 تھی اور اس دوران کوئی اموات بھی رپورٹ نہیں ہوئی تھیں۔ این آئی ایچ کے مطابق ملک میں ویکسینیشن کے اہل عوام  کو کووڈ 19 کے خلاف مکمل ویکسین بھی لگا دی گئی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز کے مطابق 2020ء میں اس وبائی مرض کے پھیلاؤ کے بعد سے رواں سال مارچ میں کیسز کی تعداد کم  ترین سطح پر تھی لیکن اب ان کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

رب / ا ا (روئٹرز)