1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان کی ون ڈے ٹیم کا اعلان، چھ کھلاڑی باہر

طارق سعید، لاہور9 اگست 2016

رواں ماہ انگلینڈ اور آئرلینڈ کے خلاف ہونے والے ایک روزہ بین لاقوامی میچز کے لیے پاکستان کی پندرہ رکنی کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے۔ اوپنر احمد شہزاد کو ڈراپ کر کے ان کی جگہ سمیع اسلم کو دی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/1JepI
Pakistan Lahore - Cricket Nationalmannschaft, Inzemam ul Haq
تصویر: DW/T. Saeed

سابق کپتان انضمام الحق کی سربراہی میں کام کرنیوالی قومی سلیکشن کمیٹی نے ٹیم میں چھ تبدیلیاں کرتے ہوئے سمیع اسلم، حسن علی اور آل راؤنڈر محمد نواز کو پہلی بار پاکستان کی ون ڈے ٹیم میں شامل کیا ہے۔ اوپنر احمد شہزاد کو ڈراپ کرکے ان کی جگہ سمیع اسلم کو دی گئی ہے جبکہ بتیس سالہ فاسٹ باؤلر عمرگل کی بھی سولہ ماہ بعد سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔

Mohammad Nawaz Cricket Pakistan
آل راؤنڈر محمد نوازتصویر: PCB

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کے مطابق اوول ٹیسٹ کے بعد منتخب ٹیم آئر لینڈ کے خلاف دو اور انگلینڈ کے خلاف پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ آئرلینڈ کے خلاف سیریز اٹھارہ اگست جبکہ انگلینڈ کے خلاف چوبیس اگست کو ساوتھیمپٹن میں شروع ہوگی۔ سلیکٹرز نے بائیں ہاتھ کے طویل قامت فاسٹ باؤلر محمد عرفان کو آئی سی سی عالمی ٹوئنٹی ٹوئنٹی میں دو وکٹوں کی مایوس کن کارکردگی کے بعد ڈراپ کر دیا ہے۔

عرفان کی جگہ سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے سیم باؤلر حسن علی نے لی ہے، جو پی ایس ایل میں پشاور زلمے اور پاکستان اے کے لیے حالیہ دورہ انگلینڈ میں اعلی کارکردگی دکھا چکے ہیں۔ حسن علی نئی گیند کے ساتھ لوئیر آرڈر میں اچھی بیٹنگ کا بھی ہنر جانتے ہیں۔ نظم وضبط کی خلاف روزی پر زیر عتاب احمد شہزاد کو ٹیسٹ کے بعد ون ڈے ٹیم میں بھی جگہ سے ہاتھ دھونا پڑے۔

Hassan Ali Cricket Pakistan
حسن علیتصویر: PCB

احمد کے متبادل بیس سالہ سمیع اسلم نے حالیہ ویک اینڈ پر انگلینڈ کے خلاف ایجبیسٹن ٹیسٹ میں دونوں اننگز میں نصف سینچریاں بنا کر اپنی دھاک بٹھائی ہے۔ سمیع اسلم ممکنہ طور پر کپتان اظہر علی کی ایک روزہ سیریز میں اوپننگ کریں گے جبکہ شرجیل خان کا آپشن بھی ٹیم انتظامیہ کے پاس ہوگا۔

مڈل آرڈر بیٹنگ میں صہیب مقصود اور اسد شفیق انضمام اینڈ کمپنی کا اعتماد حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ ان دونوں کے علاوہ نیوزی لینڈ میں دو صفر سے ہارنے والی پاکستانی ون ڈے ٹیم سے راحت علی اور ظفر گوہر کو بھی باہر کر دیا گیا۔

Sami Aslam Cricket Pakistan
اوپنر احمد شہزاد کو ڈراپ کرکے ان کی جگہ سمیع اسلم کو دی گئی ہےتصویر: PCB

لیگ اسپنر یاسر شاہ جو ڈوپنگ قضیے کے سبب نیوزی لینڈ نہیں جا سکے تھے پندرہ کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہیں۔ ان کے علاوہ دو لیفٹ آرم اسپنر عماد وسیم اور محمد نواز کی بھی شمولیت ہوئی ہے۔ یہ دونوں کھلاڑی اچھے آل راونڈر ہیں۔ نواز پاکستان کے ڈومیسٹک ون ڈے کپ میں چند ماہ قبل ایک سو ستاسی رنز کی اننگز کھیل چکے ہیں۔ عمر گل نے آخری بار پاکستان کی جانب سے گز شتہ برس اپریل میں بنگلہ دیش کے خلاف ڈھاکہ کا ون ڈے کھیلا تھا۔ گل کے فٹنس اور فارم کے مسائل کو دیکھتے ہوئے پیر کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں سلیکٹرز نے ان سے لاہور کی گرمی میں دیر تک نیٹ پر باؤلنگ کرائی جس میں وہ متاثر کرنے میں کامیاب ہوئے۔ غور طلب بات یہ ہے کہ سلیکٹرز نے سات ایک روزہ میچوں کے لیے صرف چار فاسٹ باؤلرز کو سکواڈ کا حصہ بنایا ہے۔

چیف سلیکٹر انضمام الحق کے مطابق نوجوان اور آزمودہ کار کھلاڑیوں کو ملا کر ٹیم کا انتخاب کیا گیا ہے اور امید ہے کہ یہ کھلاڑی اچھا کھیل پیش کریں گے۔ انضمام کا کہنا تھا کہ سلیکشن میں کپتان اظہر علی اور ٹیم انتظامیہ کی رائے کو بھی ملحوظ رکھا گیا ہے۔

منتخب کھلاڑیوں کے نام یہ ہیں۔ اظہر علی کپتان، شرجیل خان، سمیع اسلم، محمد حفیظ، بابر اعظم ، شعیب ملک، سرفراز احمد، محمد رضوان، محمد عامر، وہاب ریاض، حسن علی، عمر گل، عماد وسیم ، یاسر شاہ اور محمد نواز۔