1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان: کھیلوں کے شعبے کا سالانہ میزانیہ

طارق سعید، لاہور27 دسمبر 2008

سن 2008 میں کھیل کے شعبوں میں پاکستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی متاثر کن نہیں رہی۔ ہاکی اور کرکٹ میں بے بسی نظرآئی تاہم اسکوئش میں امید کی کرن دکھائی دی۔

https://p.dw.com/p/GNKA
پاکستانی فاسٹ باؤلرز شعیب اختر اور محمد آصفتصویر: AP

2008میں دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کا سب سے زیادہ نقصان پاکستان کے مقبول ترین کھیل کرکٹ کواٹھانا پڑا۔ سلامتی کی وجوہات اور پی سی بی کی اپنی ہی لاپراہی کے نتیجہ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم سال بھر صرف ون ڈے کرکٹ تک محدود ہوکررہ گئی۔آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اوربھارت کی ٹیموں نے پاکستان کا دورہ کرنے سے انکار کیا جبکہ سیکیورٹی خدشات کے باعث ستمبر میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی بھی ملتوی کر دی گئی۔

Field Hockey World Cup in Moenchengladbach western Germany
اولپمک مقابلوں میں ٹیم کی بدترین کارکردگی ، ہاکی فیڈریشن میں بڑی تبدیلیوں کا باعث بنیتصویر: AP

1970 کے بعد یہ پہلا موقع تھا جب پاکستان کرکٹ ٹیم پورا سال ٹیسٹ میچ کھیلنے سے محروم رہی۔ 2008 میں پاکستان نے 21 میں سے8ایک روزہ بین الالقوامی میچ جیتے جبکہ اسے پانچ میں سے چار ٹونٹی20 مقابلوں میں بھی فتح حاصل ہوئی۔

شعیب ملک کی قیادت میں پاکستان نے متواتر12ون ڈے میچ جیت کرعمران خان کا ریکارڈ بھی توڑ دیا تاہم بنگلہ دیش اور زمبابوے جیسی کمزرو ٹیموں کے مدمقابل ہونے کی وجہ سے فتوحات کو زیادہ پزیرائی نہ مل سکی۔

یونس خان 865 رنزکے ساتھ سال کے سب سے کامیاب پاکستانی بیٹسمین اورسہیل تنویر32 وکٹوں کے ساتھ کامیاب ترین باؤلر ٹھہرے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ضابطہ اخلا ق کی سنگین خلاف ورزیوں پر فاسٹ باؤلرشعیب اختر پر پانچ سال کی پابندی عائد کی جسے بعد میں دوسال اورسترلاکھ جرمانے تک محدود کر دیا گیا یہ معاملہ تاحال عدالت میں زیرسماعت ہے۔

Salim Malik
اس سال سابق کرکٹر سلیم ملک پر عائد تاحیات پابندی ایک عدالتی حکم نامے کے ذریعے ختم ہوئیتصویر: AP

شعیب اخترکے ہی باؤلنگ پارٹنرمحمد آصف ڈوپ ٹیسٹ دوسری مرتبہ مثبت آنے سے پہلے جون میں منشیات رکھنے کے جرم میں 19روزتک دبئی میں زیرحراست رہے جبکہ حکومتی ایوانوں میں تبدیلی کے باعث اگست میں چیئرمین پی سی بی ڈاکٹر نسیم اشرف کے تنازعات سے بھرپور22 ماہ کے دور کا خاتمہ ہو گیا۔ اکتوبرمیں سابق ٹیسٹ کرکٹراعجازبٹ کو پاکستان کرکٹ بورڈ کا نیا سربراہ مقررکیا گیا جنہوں نے پہلی فرصت میں ہی آسٹریلوی کوچ جیف لاسن کو برطرف کرکے یہ ذمہ داریاں انتخاب عالم کوسونپ دیں۔

ہاکی میں پاکستان کے رائٹ آؤٹ ریحان بٹ 2008 کے بہترین ایشیائی کھلاڑی قرار پائے مگر ٹیم کے لئے یہ سال بھی کوئی بڑی خوش خبری نہ لاسکا۔ جون میں گرین شرٹس نے چین کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے کے بعد ڈبلن میں برطانیہ، کینیڈا اور آئرلینڈ کو ہرا کرچارملکی ٹورنامنٹ جیتا مگر اگست میں ہونے والے بیجنگ اولمپکس میں اسے تاریخ کی بدترین آٹھویں پوزیشن پر اکتفا کرنا پڑا جس پرکوچ خواجہ ذکاءالدین کووطن واپسی پر ائیرپورٹ پرہی مستعفیٰ ہونا پڑا۔ بیجنگ کی ناکامی نے میرظفراللہ جمالی کے دو سالہ عہد کا بھی خاتمہ کردیا اور ان کی جگہ سابق اولمپئین قاسم ضیاء نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی باگ ڈورسنبھال لی۔

Javed Miandad
عظیم کرکٹر جاوید میاں داد کو کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل کی ذمہ داری سونپی گئیتصویر: AP

بیجنگ اولمپکس میں ہاکی کے علاوہ پاکستان نے تین کھیلوں میں وائلڈ کارڈ انٹری پرشرکت کی مگر دونوں ایتھلیٹس صدف صدیقی اور عبدالرشید کی دوڑ پہلے راؤنڈ میں شروع ہو کر اسی میں ختم ہوگئی۔

تیراکی میں کرن خان اورعادل بیگ نے 50 میٹر فری سٹائل میں آٹھ میں سے بالترتیب چھٹی اورساتویں پوزیشن لی جبکہ دستے میں شامل واحد شوٹر صدیق عمرکی 50 میٹررافل شوٹنگ میں 49 ویں اورآخری نمبر پررہے۔

2008 نے سکواش میں طویل عرصے کے بعد عامراطلس کی صورت میں پاکستان کو امید کی جھلک دکھائی۔ پاکستان نے جولائی میں سوئٹزرلینڈ میں ہونے والی عالمی جونیئرسکواش چمپئن شپ کا ٹیم ایونٹ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ عامر اطلس نے غیرملکی کھلاڑیوں کی عدم شرکت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نومبر میں اسلام آباد میں منعقدہ پاکستان اوپن جیت کرعالمی رینکنگ میں 16ویں پوزیشن حاصل کرلی اورگزشتہ چار برس میں ٹا پ 20 میں شامل ہونے والے پہلے پاکستانی بن گئے۔

فٹ بال میں 2008 میں پاکستان ٹیم نے اپریل میں تائیوان میں ہونے والی اے ایف سی فٹبال چیمپئن شپ میں میزبان ٹیم کو2-1سے اورگوم کو 9-1 کو ہرا کر نئی تاریخ رقم کی مگر جون میں مالدیپ میں ساف فٹبال چمپئن شپ میں آخری پوزیشن نے ٹیم کی عالمی رینکنگ کو مزید بگاڑ کر163 سے168کر دیا جس کی پاداش میں کوچ اختر محی الدین بھی اپنے عہدے سے ہاتھ دھوبیٹھے۔

باکسنگ میں پاکستان کے لئے 2008 ناکامیوں سے عبارت رہا۔ اپریل میں بنکاک میں ہوئے کنگزکپ میں پاکستانی باکسرزحریفوں کے رحم وکرم پر دکھائی دیے اور بعد ازاں امریکی ویزے نہ ملنے پرقومی باکسنگ ٹیم اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ میں شرکت سے محروم رہی اوریوں تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان کو اولمپکس باکسنگ رنگ سے باہر رہنا پڑا۔