1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان نے ہاکی ورلڈ کپ میں جگہ بنا لی

9 نومبر 2009

پاکستان نے ہاکی ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کا فائنل جیت کر آئندہ سال کے عالمی مقابلوں میں جگہ بنا لی ہے۔ ہاکی ورلڈ کپ آئندہ برس بھارت میں کھیلا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/KRCk
تصویر: AP

اتوار کو فرانس کے شہر لیل میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان نے جاپان کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی۔ پاکستان کی جانب سے پہلا گول عبدالحسیم نے میچ کے نویں منٹ میں کیا۔ سہیل عباس نے جلد ہی دوسرا گول کر دیا۔ جاپان نے اپنا واحد گول چھبیسویں منٹ میں پینیلٹی کارنر کی مدد سے کیا۔ پاکستان نے چالیسویں منٹ میں تیسرا گول کے اپنی فتح یقینی بنا لی۔

Pakistan Feldhockey Zeeshan Ashraf
پاکستانی ہاکی ورلڈ کپ ٹورنامنٹ سے کبھی باہر نہیں رہاتصویر: AP

ہاکی ورلڈ کپ کی تاریخ میں پاکستانی ٹیم کبھی ٹورنامنٹ سے باہر نہیں رہی۔ حالیہ کوالیفائنگ راؤنڈ میں چھ ممالک کی ٹیموں نے حصہ لیا، جن میں جاپان دوسرے، پولینڈ تیسرے، فرانس چوتھے، روس پانچویں اور اٹلی چھٹے نمبر پر رہا ہے۔

پاکستان کی ٹیم ٹورنامنٹ کے آغاز سے ہی حاوی رہی اور اس نے اپنے تمام میچ جیتے۔ پاکستانی کھلاڑی سہیل عباس ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکور رہے اور انہیں بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ڈوئچے ویلے کے نمائندے خالد فاروقی نے لیل سے بتایا کہ یورپ بھر سے بیشتر پاکستانی میچ دیکھنے کے لئے پہنچے اور ایسا لگتا تھا جیسے پاکستانی ٹیم ہوم گراؤنڈ پر یہ میچ کھیل رہی ہو۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری آصف باجواہ نے ٹیم کی اس کامیابی کو سخت محنت کا نتیجہ قرار دیا ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: کشور مصطفیٰ