1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان نے کالی آندھی کو وائٹ واش کر دیا

Baloch, Atif17 نومبر 2008

ابو ظہبی میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین تین ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان نے تیسرا اور آخری ایک روزہ میچ جیت کر ویسٹ انڈیز کو اس سیریز میں تین صفر سے شکست دے دی ہے۔

https://p.dw.com/p/Fw6u
پاکستان کے سٹار فاسٹ مگر متنازعہ باولر شعیب اختر تیسرے میچ میں بھی نہ کھیل سکےتصویر: AP

نیوٹرل گراونڈ شیخ زید اسٹیڈیم ، ابو ظہبی میں سیریز کے تیسرے اور آخری ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو اکتیس رنز سے شکست دی۔ پاکستان کے مجوعی سکور دو سو تہتر رنز کے جواب میں ویسٹ انڈیز دو سو بیالیس رنز پر آوٹ ہوئی۔ ٹاس جیت کر پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئےچھ وکٹوں کے نقصان پر دو سوتہتر رنز کا پہاڑ ویسٹ انڈیز کے سامنے لا کھڑا کیا۔

پاکستانی اینگز میں سٹار بلے باز یونس خان کے شاندار ایک سو ایک رنز نمایاں رہے۔ انہوں نے ایک سو انیس گیندوں پر پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ایک سو تریسٹھ منٹوں عمدہ سینچری اسکور کی۔ مصباح الحق نے اکیانوے گیندوں پر ایک چھکے اور تین چوکوں کی مدد سے 79 رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز کے باولروں میں کوئی بھی بہتر باولنگ نہ کروا سکا تاہم فاسٹ باولرJerome Everton Taylor نے اپنے مقررہ دس اوروں میں پچاس رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں۔

ویسٹ انڈیز نے جب دو سو تہتر رنز کا تعاقب شروع کیا تو سلامی بلے باز کرس گیلز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا جبکہ رامیش سروان نے باسٹھ رنز بنائے تاہم ان دونوں کے علاوہ کوئی تیسرا بلے بازاچھے کھیل کا مظاہرہ نہ کرسکا اورباقی بلے بازپاکستانی عمدہ باولنگ کے سامنے لاچار اور بے بس نظر آئے۔

اگرچہ کرس گیلز نے ایک سو بائیس رنز بنائے لیکن ان کی سینچری ویسٹ انڈیز کو شکست سے نہ بچا سکی۔ انہوں نے اپنی سینچری میں پانچ چوکے اور چھ چھکے لگائے۔ ویسٹ انڈیز کی تمام ٹیم چھیالیس اعشاریہ تین اوروں میں دو سو بیالیس رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔

پاکستان کی طرف سے افتخار انجم نے چار،عمر گل نے تین جبکہ سہیل تنویر نے دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ جبکہ شاہد آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ اس میچ میں بہترین کھلاڑی کا انعام یونس خان کو دیا گیا جبکہ اس سیریز کے بہترین کھلاڑی ویسٹ انڈیز کے کرس گیلز قرار پائے.