1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان نے اسپین کو ہرادیا

2 مارچ 2010

اپنے روایتی حریف بھارت کے خلاف ناقص کارکردگی کے بعد پاکستان ہاکی ٹیم نے اسپین کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر عالمی کپ ٹورنامنٹ میں اپنی پوزیشن قدرے بہتر کر لی ہے۔

https://p.dw.com/p/MHt5
تصویر: AP

پاکستان کو نئی دہلی میں جاری ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں بھارت کے ہاتھوں عبرتناک شکست ہوئی تھی لیکن منگل کو پاکستانی ٹیم نے اسپین کو ہراکر ٹورنامنٹ میں شاندار واپسی کی۔ پاکستان کی طرف سے ریحان بٹ اور عبدالحسیم نے ایک ایک گول سکور کیا۔ اسپین کی ٹیم ایک ہی گول کر سکی۔

ہالف ٹائم کے بعد مقابلہ بڑا دلچسپ ہوا کیونکہ اسپین گول سکور کرکے پاکستان کی ایک صفر کی برتری کو ختم کرنے میں کامیاب رہا لیکن پاکستان نے دوسرے ہالف میں ایک فیصلہ کن گول سکور کرکے میچ اپنے نام کر لیا۔

Hockey Shivendra Singh
بھارت نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے ہرا دیا تھاتصویر: UNI

بھارت نے پاکستان کو نئی دہلی کے دھیان چند سٹیڈیم میں اپنے ہزاروں مداحوں کی تالیوں کی گونج میں روایتی حریف کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں زبردست آغاز کیا تھا۔ اس میچ میں شکست کے بعد پاکستان کے سابق ہاکی کھلاڑیو ں نے موجودہ ٹیم پر زبردست تنقید کی۔

پاکستان کے خلاف بھارتی کھلاڑی سندیب سنگھ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو پینلٹی کارنرز کو گول میں تبدیل کرکے بھارتی مداحوں کے دل جیت لئے تھے۔

بھارت اور پاکستان، دونوں ہی ٹیموں کو پانچ پانچ پینلٹی کارنرز ملے تھے لیکن پاکستان ان کا فائدہ نہیں اٹھا سکا تھا۔ پاکستان صرف ایک ہی پینلٹی کارنر کو گول میں تبدیل کرنے میں کامیاب رہا۔

رپورٹ گوہر نذیر گیلانی

ادارت شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں