1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان اور افغانستان میں شدید زلزلہ

عاطف بلوچ26 اکتوبر 2015

افغانستان میں پیر کے دن آنے والے شدید زلزلے کے جھٹکے جنوبی ایشیا بھر میں محسوس کیے گئے ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس زلزلے سے ہونے والی تباہ کاری سے پاکستان میں سو افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1GuFT
Karte Erdbeben Afghanistan 26.10.2015 Englisch

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے بتایا ہے کہ پیر کے دن افغانستان کے شمالی علاقے میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ اے ایف پی نے بتایا ہے کہ ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت 7.5 نوٹ کی گئی ہے۔

زلزلہ اتنا شدید تھا کہ اس کے جھٹکے بھارت اور پاکستان کے متعدد شہروں میں بھی محسوس کیے گئے۔ پاکستان میں طبی ذرائع نے بتایا ہے کہ متعدد علاقوں میں ہونے والی تباہی کی وجہ سے سو سے زائد افراد زخمی بھی ہو گئے ہیں۔

بدخشاں صوبے کے گورنر دفتر کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ دور دراز علاقوں میں متعدد گھر متاثر ہوئے ہیں اور ہلاکتوں کو خدشہ موجود ہے۔ امریکی جیالوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز افغان علاقے جرم کے نزدیک تھا۔

Pakistan Erdbeben Karatschi Evakuierung 28. September
زلزلے کے نتیجے میں شہریوں میں خوف وہراس پھیل چکا ہےتصویر: picture-alliance/dpa

زلزلے کا مرکز دارالحکومت کابل سے 160 میل دور واقع تھا۔ اطلاعات کے مطابق کابل، نئی دہلی اور اسلام آباد میں بھی ایک منٹ تک اس زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ امریکی جیالوجیکل سروے کے مطابق ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت 7.7 نوٹ کی گئی تاہم پاکستان میڈیا نے محکمہ موسمیات کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس کی شدت 8.1 قرار دی ہے۔

عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ عالمی وقت کے مطابق ایک بجکر انتالیس پر جب زلزلہ آیا تو شہریوں میں خوف پھیل گیا۔ افغانستان کے علاوہ پاکستان اور بھارت کے متعدد شہروں میں لوگ عمارتوں سے باہر نکل آئے۔