1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی دارالحکومت میں سکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی

عابد حسین
28 فروری 2017

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں سکیورٹی مقاصد کے لیے اضافی سکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی کر دی گئی ہے۔ سکیورٹی کو انتہائی سخت کرنے کے لیے نیم فوجی دستوں کو بھی حساس علاقوں میں متعین کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2YMsx
Pakistan - Polizisten stehen Wache wegen Unterstützer der Oppositionspartei
تصویر: picture-alliance/AP Photo/A. Naveed

پاکستان کی وزارت داخلہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسلام آباد میں غیر ملکی مہمانوں کی آمد کے تناظر میں سکیورٹی انتہائی چوکس اور سخت کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں مختلف چوراہوں، اہم سرکاری عمارات، ہوٹلوں اور گیسٹ ہاؤسز سمیت کئی علاقوں میں معمول کے پولیس اہلکاروں کے ہمراہ اضافی دستے بھی تعینات کر دیے گئے ہیں۔ ان کے علاوہ حساس علاقوں کی سکیورٹی کی ذمہ داری نیم فوجی دستوں کے حوالے کر دی گئی ہے۔

کل پہلی مارچ بروز بدھ  پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد میں اکنامک کوآپریشن تنظیم کا سربراہ اجلاس شروع ہو رہا ہے۔ اس اجلاس کے حوالے سے بعض سکیورٹی ذرائع نے واضح کیا ہے کہ ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن کے علاوہ ایرانی صدر حسن روحانی کی آمد بھی متوقع ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ ترکی، ایران اور پاکستان اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) کے بانی اراکین میں شمار ہوتے ہیں۔

Pakistan Prozess gegen Nawaz Sharif
اسلام آباد میں سکیورٹی مقاصد کے لیے اضافی سکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی کر دی گئی ہےتصویر: picture-alliance/AP Photo/A. Naveed

کل سے شروع ہونے والے اجلاس میں دس مختلف ملکوں کے نمائندے شریک ہو رہے ہیں۔ اس اجلاس میں شرکاء  اقتصادی تعاون میں فروغ اور تجارتی معاملات کو مستحکم کرنے پر فوکس کریں گے۔ پاکستانی وزارت خارجہ کے مطابق اجلاس کے ایجنڈے کو حتمی شکل دینے کے لیے تنظیم کے رکن دس ملکوں کے کئی وزراء پہلے ہی اسلام آباد پہنچے ہوئے ہیں۔

بعض سکیورٹی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ افغانستان کے صدر اشرف غنی اِس اجلاس میں شریک نہیں ہو رہے اور اُن کی جگہ ایک اعلیٰ سطحی وفد کابل حکومت کی نمائندگی کرے گا۔ اس تنظیم میں وسطی ایشیائی ریاستیں بھی شامل ہیں۔ یہ نہیں بتایا گیا کہ ان ملکوں سے کوئی سربراہ حکومت شرکت کرے گا۔

پاکستانی وزارت خارجہ کے سیکرٹری اعزاز احمد چوہدری کا کہنا ہے کہ تنظیم کا یہ اجلاس رکن ملکوں کے درمیان اقتصادی پیداوار میں اضافے کا باعث بنے گا اور پاکستان کے لیے ایک موقع ہے کہ وہ اپنے معاشی و تجارتی روابط کو فروغ دینے کے علاوہ عالمی برادری پر یہ واضح کرنے کی کوشش کرے گا کہ اُسے تنہا نہیں کیا جا سکتا۔