1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پارٹی وابستگی سے بالاتر ہو کر انتخابات لڑوں گی، لے پین

25 اپریل 2017

فرانس کی قوم پرست جماعت نیشنل فرنٹ کی خاتون سربراہ مارین لے پین نے پارٹی قیادت چھوڑنے کا اعلان کیا ہے۔ ان کے بقول وہ صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پارٹی وابستگی سے بالاتر ہو کر حصہ لیں گی۔

https://p.dw.com/p/2bqh6
Frankreich Marine Le Pen in Paris
تصویر: picture-alliance/AP Photo/K. Zihnioglu

سات مئی کو فرانسیسی صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں نیشنل فرنٹ کی سربراہ مارین لے پین کی کامیابی کے امکانات کم ہی ہیں تاہم اُنہیں خود اپنی فتح کا یقین ہے۔ مارین لے پین کے مطابق پارٹی قیادت چھوڑنے کے فیصلہ کی وجہ یہ ہے کہ وہ صدارتی انتخابات پر توجہ دینا چاہتی ہیں۔

پیر کی شب فرانس 2 نامی ٹیلی وژن پر انہوں نے کہا، ’’ آج شام سے میں نیشنل فرنٹ کی سربراہ نہیں بلکہ صدارتی امیدوار ہوں‘‘۔ ان کے بقول وہ اپنی پارٹی کے مفادات سے بالاتر ہو کر زیادہ سے زیادہ فرانسیسیوں کی حمایت حاصل کرنا چاہتی ہیں۔

لے پین کے مطابق وہ ’’چاہتی ہیں کہ ان کی جانب سے متعارف کردہ امید، خوشحالی اور سلامتی کے منصوبے میں فرانسیسی شہریوں کی ایک بڑی تعداد ان کا ساتھ دے۔‘‘

Screenshot Instagram
تصویر: Instagram/courrierinter

تازہ عوامی جائزوں کے مطابق لے پین کے حریف اور آزاد امیدوار ایمانوئیل ماکروں صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں ساٹھ فیصد سے زائد ووٹ حاصل کر لیں گے۔ تاہم حالیہ عوامی جائزوں کے ان نتائج کے باوجود لے پین نے کہا، ’’ہم یہ انتخابات جیت سکتے ہیں بلکہ یہ کہنا بہتر ہو گا کہ ہم انتخابات جیت لیں گے‘‘۔

ساتھ ہی ساتھ لے پَین نے ماکروں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اُن کے انتخابی پروگرام میں ایک بھی چیز ایسی نہیں ہے، جس سے فرانس کے ساتھ اُن کی محبت کا اظہار ہوتا ہو۔ لے پین خود کو فرانسیسیوں کی محافظ قرار دیتی ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ فرانس تقسیم ہونے سے بچانا چاہتی ہیں۔

گزشتہ اتوار کو صدارتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں ماکروں کو چوبیس فیصد جبکہ لے پَین کو 21.4 فیصد ووٹ ملے تھے۔ سوشلسٹ اور قدامت پسند امیدواروں نے اپنی شکست کے بعد ماکروں کی حمایت کرنے کا اعلان کیا ہے۔